حیدرآباد میں اقراء یونیورسٹی کیمپس کا افتتاح،تقریب میں وفاقی وزیر صحت سید مصطفیٰ کمال، سنئیر رہنما ایم کیو ایم انیس احمد قائم خانی سمیت اراکین اسمبلی کی بڑی تعداد کی شرکت
تعلیم ہر معاشرے اور قوم کی ضرورت ہے تعلیم کے ساتھ اچھا کردار ہی معاشرے میں مثبت تبدیلی لائے گا وفاقی وزیر صحت سید مصطفی کمال
ایم کیو ایم کے سنئیر رہنما و وفاقی وزیر صحت سید مصطفیٰ کمال کا حیدرآباد میں اقراء یونیورسٹی کی افتتاحی تقریب سے خطاب
حیدرآباد………..ایم کیو ایم کے سنئیر رہنما و وفاقی وزیر صحت سید مصطفیٰ کمال نے حیدرآباد میں نجی اقراء یونیورسٹی کا افتتاح کیا انکے ہمراہ سنئیر رہنما ایم کیو ایم انیس احمد قائم خانی چئیرمن لاکھانی گروپ حنید لاکھانی،وائس چانسلر اقراء یونیورسٹی ڈاکٹر نصر اکرام، کیمپس ڈائریکٹر ڈاکٹر امتیاز حسین،رجسٹرار اسیم ماجد رضوی سمیت حق پرست اراکین قومی و صوبائی اسمبلی موجود تھے

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف گیسٹ وفاقی وزیر صحت سید مصطفیٰ کمال نے کہا کہ حیدرآباد میں تعلیمی سہولیات موجودہ حالات کے مطابق کم ہیں اس لئے حیدرآباد سے بہت بڑی تعداد میں طلبہ و طالبات کراچی سمیت دیگر علاقوں میں تعلیم حاصل کرنے جاتے ہیں لیکن میں مشکور ہوں چئیرمن لاکھانی گروپ کا کہ انہوں نے حیدرآباد کے درد کو محسوس کرتے ہوئے اپنے تعلیمی ادارے اقراء یونیورسٹی کا حیدرآباد کیمپس قائم کیا اور مجھے یقین ہے کہ اس ادارے کے قیام سے حیدرآباد کے طلبہ و طالبات کو اچھی اور معیاری تعلیم میسر آئے گی

انہوں نے مزید کہا کہ تعلیم ہر معاشرے اور قوم کی ضرورت ہے آج اس یونیورسٹی کا افتتاح بہت خوشگوار بات ہے معاشرے میں جاہل آدمی کم نقصان پہنچاتا ہے لیکن اگر بد کردار پڑھ جائے تو زیادہ خطرناک ہے آج اس معاشرے کا المیہ ہے کہ پڑھے لکھے لوگ بدعنوانیوں اور وائٹ کالر جرائم میں ملوث ہیں صرف ڈگری دینے سے معاملہ نہیں بن رہا سوسائٹی صرف تعلیم دینے سے نہیں بن پا رہی لوگ کہہ دیتے ہیں کردار ذاتی مسئلہ ہے

لیکن وہی لوگ جب بچی کی شادی کرتے ہیں تو شجرا معلوم کرتے ہیں 24 کروڑ لوگوں کی حوالگی کا معاملہ ہو تو کہتے ہیں کردار ذاتی مسئلہ ہے میں یونیورسٹی اساتذہ سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ تعلیم کے ساتھ طلبہ کی کریکٹر بلڈنگ کریں تا کہ معاشرے میں قابلیت کے ساتھ ایمانداری پروان چڑھے تقریب سے چئیرمن لاکھانی گروپ حنید لاکھانی، وائس چانسلر اور حیدرآباد کیمپس ڈائریکٹر نے بھی خطاب کیا اور یونیورسٹی کا تعارف و قیام کے اغراض ومقاصد بیان کئے

مہمان خاص سنئیر رہنما ایم کیو ایم انیس احمد قائم خانی کے علاوہ حق پرست اراکین قومی اسمبلی پروفیسر انجینئر عبدالعلیم خانزادہ، سید حفیظ الدین،حسان صابر ایڈووکیٹ اور اراکین سندھ اسمبلی نجم مرزا، فرحان انصاری، فہیم پٹنی، شارق جمال، سید عثمان اور ارسلان پرویز موجود تھے افتتاحی تقریب میں شعبہ تعلیم اور کاروباری و سماجی شخصیات بھی شریک تھیں