افواجِ پاکستان اظہارِ یکجہتی لائحہ عمل

پاک فوج کے وقار پر آنچ نہیں آنے دیں گے، ملک دشمن عناصر کے ناپاک عزائم خاک میں ملا دیں گے، ڈاکٹر فاروق ستار

معرکہِ حق پاکستان کی بقا اور سلامتی کا عہد ہے، حق پرست کارکنان بھرپور عوامی مہم کا آغاز کریں، ڈاکٹر فاروق ستار

ایم کیو ایم پاکستان کے مرکز بہادر آباد پر افواجِ پاکستان سے اظہارِ یکجہتی کے پروگرام کی تیاریوں کے لیے اہم مشاورتی اجلاس، لائحہ عمل مرتب

کراچی۔۔۔۔۔۔۔ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے مرکز بہادر آباد پر “معرکہِ حق” پروگرام اور افواجِ پاکستان کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کے سلسلے میں مرکزی ذمہ داران کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس کی صدارت سینئر مرکزی رہنماؤں ڈاکٹر فاروق ستار اور انیس احمد قائم خانی نے کی۔ اجلاس میں انچارج سی او سی فرقان اطیب اور اراکینِ کمیٹی نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر “معرکہِ حق” کے عنوان سے منعقد ہونے والے آئندہ کے پروگراموں کے حوالے سے تفصیلی لائحہ عمل اور حکمتِ عملی طے کی گئی، ذمہ داران سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ افواجِ پاکستان ملک کی سلامتی کی ضامن ہیں

اور ان کے خلاف ہونے والی ہر سازش کا مقابلہ کرنے کے لیے ایم کیو ایم کا ایک ایک کارکن سیسہ پلائی ہوئی دیوار ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ “معرکہِ حق” دراصل حق اور باطل کے درمیان وہ لکیر ہے جو محبِ وطن پاکستانیوں کو ملک دشمن عناصر سے جدا کرتی ہے۔ ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم پاکستان نے ہمیشہ قومی اداروں کے وقار کی بات کی ہے اور ہم کسی بھی شر پسند عنصر کو ملکی استحکام سے کھیلنے کی اجازت نہیں دیں گے

اجلاس میں انیس احمد قائم خانی اور فرقان اطیب نے تنظیمی نظم و ضبط اور پروگرام کے انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے ذمہ داران کو ہدایات جاری کیں کہ وہ نچلی سطح پر عوامی رابطہ مہم کو تیز کریں تاکہ “معرکہِ حق” پروگرام میں عوام کی بھرپور شرکت کو یقینی بنایا جا سکے۔ مقررین نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ کراچی کے غیور عوام اپنی فوج کے ساتھ کھڑے ہیں اور دشمن کی جانب سے پھیلائے گئے منفی پرو پیگنڈے کو عوامی طاقت سے مسترد کر دیں گے۔ اجلاس کے اختتام پر ملک کی سلامتی، استحکام اور پاک فوج کی کامیابیوں کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی

اپنا تبصرہ لکھیں