بدترین لوڈشیڈنگ گہری تشویش کا اظہار

ایم کیو ایم پاکستان کی مرکزی کمیٹی کا کراچی میں جاری امتحانات کے دوران بدترین لوڈشیڈنگ پر گہری تشویش کا اظہار
مسلسل اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے طلبہ کی تعلیمی سرگرمیوں کو شدید متاثر کر دیا ہےجو ان کے مستقبل کے ساتھ سنگین ناانصافی ہے

کراچی ۔۔۔…….. ایم کیو ایم پاکستان کی مرکزی کمیٹی نے کراچی میں جاری طلبہ کے امتحانات کے دوران دن بھر ہونے والی بدترین لوڈشیڈنگ پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ مرکزی کمیٹی نے اعلامیہ میں کہا کہ مسلسل اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے طلبہ کی تعلیمی سرگرمیوں کو شدید متاثر کر دیا ہے۔ طلبہ نہ تو سکون کے ساتھ امتحانات کی تیاری کر پا رہے ہیں اور نہ ہی شدید گرمی اور بجلی کی بندش کے باعث امتحانی مراکز میں بہتر کارکردگی دکھا پا رہے ہیں،

جو ان کے مستقبل کے ساتھ سنگین ناانصافی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کے الیکٹرک کی ناقص کارکردگی طلبہ کے مستقبل کو داؤ پر لگا رہی ہے، امتحانات کے دوران بجلی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانا متعلقہ اداروں کی بنیادی ذمہ داری ہے، مگر اس حوالے سے سنگین غفلت برتی جا رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ طلبہ کو اس اہم مرحلے پر اذیت میں مبتلا کرنا ناقابلِ برداشت ہے اور اس کے اثرات ان کی کارکردگی اور نتائج پر براہِ راست مرتب ہو سکتے ہیں۔

وفاقی حکومت کو چاہیے کہ اس صورتحال کا فوری نوٹس لے اور طلبہ کو درپیش مشکلات کے ازالے کے لیے ہنگامی اقدامات کیے جائیں۔ آخر میں انہوں نے وفاقی وزیر برائے توانائی اور نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) سے مطالبہ کیا کہ K-Electric کو پابند کیا جائے کہ وہ امتحانات کے دوران طلبہ کو ترجیحی بنیادوں پر ریلیف دے، امتحانی مراکز اور رہائشی علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کرے اور امتحانات کے اوقات میں بلاتعطل بجلی کی فراہمی یقینی بنائے تاکہ طلبہ کو سازگار اور پُرسکون ماحول میسر آ سکے

اپنا تبصرہ لکھیں