اے پی ایم ایس او کی مرکزی کابینہ کا سیکنڈری بورڈ کے امتحانی اجازت ناموں میں تاخیر پر اظہارِ تشویش
ایڈمٹ کارڈز کے اجراء میں تاخیر سیکنڈری تعلیمی بورڈ کی ناکامی اور طلبہ کے مستقبل سے سنگین کھیل ہے، مرکزی کابینہ اے پی ایم ایس او
طلبہ کو ذہنی اذیت میں مبتلا کرنا ناقابلِ برداشت، معاملے کے حل کیلئے فوری اقدامات کیے جائیں، اے پی ایم ایس او
کراچی۔۔۔………. آل پاکستان متحدہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن (اے پی ایم ایس او) کی مرکزی کابینہ نے جماعت نہم و دہم کے امتحانی اجازت ناموں کے اجراء میں تاخیر پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے تعلیمی بورڈ کی بدانتظامی اور طلبہ کے مستقبل کے ساتھ ناانصافی قرار دیا ہے۔ مرکزی کابینہ کے اراکین نے کہا کہ امتحانات کے قریب ہونے کے باوجود ایڈمٹ کارڈز کا اجراء نہ ہونا طلبہ کو شدید ذہنی دباؤ میں مبتلا کر رہا ہے،
جو کسی بھی صورت قابلِ قبول نہیں۔ انہوں نے کہا کہ جدید دور میں بھی تعلیمی بورڈز کی یہ نااہلی افسوسناک ہے۔
اے پی ایم ایس او نے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر تمام ایڈمٹ کارڈز ڈاؤن لوڈ ایبل فارمیٹ میں جاری کیے جائیں اور ذمہ داران کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے، بصورتِ دیگر اے پی ایم ایس او طلبہ کے حقوق کے لیے ہر فورم پر احتجاج کرے گی۔