افسران اپنے دفاتر میں بائیومیٹرک سسٹم اور ایچ آئی ایم ایس کے نفاذ کو یقینی بنائیں، ہادی بخش کلہوڑو
بائیومیٹرک سسٹم اور ایچ آئی ایم ایس نفاذ سےمتعلق کمشنر سیسی کی زیر صدارت جائزہ اجلاس، تمام افسران و میڈیکل سپرینٹنڈنٹس، چیف میڈیکل افسران کی شرکت
کراچی.. کمشنر سندھ ایمپلائز سوشل سیکورٹی انسٹی ٹیوشن ہادی بخش کلہوڑو نے سیسی ہیڈآفس میں ادارے میں اسپتال انفارمیشن مینجمنٹ سسٹم (ایچ آئی ایم ایس) اور بائیومیٹرک سسٹم کے نفاذ کے اقدامات کیلئے جائزہ اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں وائس کمشنر سیسی سکندربلوچ، میڈیکل ایڈوائزر ڈاکٹرکامران اعوان، ڈائریکٹر میڈیکل ایڈمنسٹریشن ڈاکٹرسعادت میمن، ہیڈآفس کے تمام ڈائریکٹرز کے علاوہ سندھ کے تمام فیلڈڈائریکٹرز ، سیسی ہسپتالوں کے میڈیکل سپرینٹنڈنٹس، چیف میڈیکل آفیسرز نے آن لائن بذریعہ زوم میٹنگ میں شرکت کی۔ کمشنر سیسی نے کہاکہ وزیرمحنت / چیئرمین گورننگ باڈی سیسی سعید غنی کی ہدایت کی روشنی میں تمام افسران اپنے دفاتر میں فوری طور پر بائیومیٹرک حاضری کو یقینی بنائیں اور اس سلسلے میں جو بھی مسائل درپیش ہیں انہیں فوری طور پر حل کیاجائے۔ اس سلسلے میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی۔ میڈیکل ایڈوائزراوربائیومیٹرک/ ایچ آئی ایم ایس کے فوکل پرسن ڈاکٹرکامران اعوان نے بائیومیٹرک اور ایچ آئی ایم ایس سے متعلق گزشتہ اجلاس میں کیے جانےوالے فیصلوں پر عملدرآمد کے حوالے سے اجلاس کو آگاہ کیا۔
کمشنر سیسی نے کہاکہ آئندہ تمام افسران و اسٹاف کو تنخواہ بائیومیٹرک حاضری کے تحت ہیڈآفس سے جاری کی جائےگی۔کمشنر سیسی نے اجلاس میں موجود تمام افسران کو ہدایت کی کہ وہ خود بھی وقت کی پابندی کریں اور اپنے ماتحت عملہ کو بھی ہدایت جاری کریں۔ کمشنر سیسی نے تمام میڈیکل سپرینٹنڈنٹس اور چیف میڈیکل آفیسرز کو ہدایت کی کہ ایچ آئی ایم ایس کے تحت دوائیوں کا ریکارڈ مرتب کیاجائے اور اسے فعال کیاجائے اور آئندہ دوائیاں اسی کے تحت دی جائیں۔ کمشنر سیسی نے میڈیکل ایڈوائزرڈاکٹرکامران اعوان اور ڈائریکٹرمیڈیکل ایڈمنسٹریشن ڈاکٹرسعادت میمن کو ہدایت کی کہ سیسی کے تمام طبی مراکز (ہسپتالوں،میڈیکل سینٹرز) اور فیلڈدفاترزکا دورہ کریں

اور اس بات کویقینی بنائیں کے تمام دفاتر میں بائیومیٹرک اور ایچ آئی ایم ایس کام کررہاہو۔ آخر میں افسران نے کمشنر سیسی کو اپنے دفاتر میں درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔ کمشنر سیسی ہادی بخش کلہوڑو نے تمام افسران کو ہدایت کی کہ سیسی کے ایکٹ اور رولزریگولیشن کا مطالعہ کریں اوراپنے دفاتر میں اس پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔ اس سلسلےمیں سیسی کے تمام دفاتر میں رولز ریگولیشن اور سیسی ایکٹ کے حوالے سے ہفتہ وار پریزینٹیشن اور تربیتی لیکچرز کاسلسلہ جلد شروع کیاجائے گا۔