کراچی پریس کلب کا پریس کلب کے چاروں اطراف سے راستے بند کیے جانے پرشدید تشویش اورمذمت کا اظہار
صحافیوں کوپریس کلب تک بلا رکاوٹ رسائی کو یقینی بنایا جائے اور فوری طور پر تمام راستے کھولے جائیں،فاضل جمیلی.اسلم خان
کراچی(اسٹاف رپورٹر) کراچی پریس کلب نے اتوارکوایک سیاسی جماعت کے احتجاج کے پیش نظر انتظامیہ کی جانب سے کنٹینرز لگا کر پریس کلب کے چاروں اطراف سے راستے بند کیے جانے پرشدید تشویش اورمذمت کا اظہارکرتے ہوئے مطالبہ کہاہے کہ صحافیوں کوپریس کلب تک بلا رکاوٹ رسائی کو یقینی بنایا جائے اور فوری طور پر تمام راستے کھولے جائیں۔
اتوارکو پریس کلب کے صدرفاضل جمیلی،سیکرٹری اسلم خان اورمجلس عاملہ نے جاری بیان میں کہا کہ کراچی پریس کلب کے داخلی و خارجی راستوں کی بندش نہ صرف آزادی صحافت پر قدغن کے مترادف ہے بلکہ پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کی انجام دہی میں بھی سنگین رکاوٹ ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایسے اقدامات سے صحافیوں کو اپنے فرائض کی ادائیگی میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، جو کسی بھی جمہوری معاشرے میں قابل قبول نہیں۔پریس کلب کے عہدیداروں نے حکومت سندھ اور پولیس کے اعلی حکام سے مطالبہ کیاکہ کراچی پریس کلب کے اطراف سے فوری طور پر کنٹینرز ہٹا کر راستے بحال کیے جائیں

تاکہ صحافی بلا رکاوٹ اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں انجام دے سکیں۔انہوں نے کہا کہ صحافتی سرگرمیوں میں رکاوٹ ڈالنے کے اقدامات فوری طور پر ختم کیے جائیں، بصورت دیگر اس عمل کے خلاف مزید لائحہ عمل اختیار کرنے پر مجبور ہوں گے۔