سفاک حکمرانوں نے مہنگائی کا طوفان اُٹھا کر غریب آدمی سے جینے کا حق بھی چھین لیا ہے
ظالم حکمرانوں کے خلاف کلمہء حق بلند کرنے کا وقت آ گیا ہےچیئرمین کراچی گرینڈ الائنس محمد اسلم خان
کراچی (اسٹاف رپورٹر) چیئرمین کراچی گرینڈ الائنس محمد اسلم خان نے کہا ہے کہ ظالم حکمرانوں کے خلاف کلمہء حق بلند کرنے کا وقت آ گیا ہے ان سفاک حکمرانوں نے مہنگائی کا طوفان اُٹھا کر غریب آدمی سے جینے کا حق بھی چھین لیا ہے الائنس کے مرکزی دفتر میں منعقدہ مختلف سیاسی جماعتوں کے سرکردہ افراد کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اسلم خان نے کہا کہ اگر اب بھی ہم عوام کے حق کے لیے متحد نہ ہوئے تو تاریخ ہمیں کبھی معاف نہیں کرے گی
صوبہ ہزارہ تحریک کے چیف آرگنائزر خورشید علی ہزاروی نے کہا کہ کراچی میں پیدا ہونے والے ہر قومیت کے لوگوں کا جینا مرنا کراچی کے ساتھ ہے ہمیں مشترکہ لائحہ عمل کے ساتھ آگے بڑھنا ہو گا، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈیموکریٹک موومنٹ پاکستان کے چیف آرگنائزر محمد اشرف نے کہا کہ کراچی کو اس کی حیثیت کے مطابق مقام دیا جائے اور کراچی کو پاکستان کا حصہ سمجھا جائے، اجلاس میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ آئندہ ہونے والے کنٹونمنٹ بورڈ کے انتخابات میں ہر حلقے سے مشترکہ امیدوار ایک پلیٹ فارم اور ایک انتخابی نشان کے ساتھ کھڑے کیے جائیں
اجلاس میں مختلف سماجی تنظیموں کے بھی سرکردہ افراد نے شرکت کی جن میں پاکستان مسلم الائنس کے مرکزی رہنما رمضان علی، رزاق خاموش، پنجابی ویلفیئر ایسوسی ایشن کے چیئرمین مرزا سلیم بیگ، سید مشرف علی شاہ، سلیم صدیقی، سید طلحہٰ حسینی، عمران خان یوسفزئی، اور شامیر بیابانی سمیت دیگر افراد شامل تھے