مئی12 پاکستان کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے، اس روز دہشتگردوں نے دو درجن سے زائد کارکنان کو شہید کیا، ترجمان ایم کیو ایم پاکستان
حق پرست کارکنوں پر مظالم کے پہاڑ توڑے گئے اور سیاسی انتقام کی خاطر بے بنیاد و جھوٹے مقدمات بنائے گئے۔ ترجمان متحدہ
دو دہائیوں تک کٹھن عدالتی جنگ لڑنے کے بعد ایم کیو ایم کی قیادت اور ذمہ داران کا باعزت بری ہونا سچائی کی فتح ہے،ترجمان ایم کیو ایم
شہر میں کشت و خون کی ہولی کھیلنے والے اصل سفاک دہشتگرد آج بھی قانون کی گرفت سے آزاد ہیں، انصاف فراہم کیا جائے، ترجمان ایم کیو ایم
کراچی………. متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے ترجمان نے 12 مئی کو پاکستان کی تاریخ کا سیاہ ترین دن قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ آج کے روز دہشتگرد عناصر نے سیاسی جماعتوں کی آڑ لے کر دو درجن سے زائد ایم کیو ایم کارکنان کو نہایت بے دردی سے شہید کیا اور کراچی کے امن کو لہو رنگ کرنے کے لیے حق پرست کارکنوں پر مظالم کے پہاڑ توڑے گئے

جبکہ سیاسی انتقام کا نشانہ بناتے ہوئے ان پر بے بنیاد اور جھوٹے مقدمات کا اندراج کیا گیا مگر اللّہ کے فضل و کرم سے لگ بھگ دو دہائیوں تک ان کٹھن عدالتی مقدمات اور جبر کا مردانہ وار مقابلہ کرنے کے بعد ایم کیو ایم کے تمام رہنما و ذمہ داران عدالتوں سے سرخرو اور باعزت بری ہو چکے ہیں جو اس بات کی دلیل ہے کہ حق کو کبھی شکست نہیں دی جا سکتی تاہم یہ امر نہایت افسوسناک اور انصاف کے نظام پر سوالیہ نشان ہے
کہ اس روز کراچی کی سڑکوں پر بے گناہوں کے لہو سے ہولی کھیلنے والے اور شہر کو یرغمال بنانے والے اصل سفاک دہشتگرد آج بھی قانون کی گرفت سے آزاد گھوم رہے ہیں، ایم کیو ایم مطالبہ کرتی ہے کہ 12 مئی کے اصل کرداروں کو بے نقاب کر کے انہیں کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے تاکہ شہداء کے لواحقین کو حقیقی انصاف مل سکے