چیئرمین کورنگی ٹاؤن محمد نعیم شیخ کا کاٹی کی جانب سے بلدیاتی امور کے فوکل پرسن مسعود نقی ،کے ڈی اے وفد کے ہمراہ کورنگی میں ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا
متعلقہ افسران نے منصوبے کی پیش رفت، معیار اور تکمیل کے مراحل پر بریفنگ دی
کراچی ………. .. چیئرمین کورنگی ٹاؤن محمد نعیم شیخ نے کاٹی کی جانب سے بلدیاتی امور کے فوکل پرسن مسعود نقی اور کے ڈی اے کے وفد کے ہمراہ کورنگی میں 10,000 روڈ کا دورہ کرتے ہوۓ ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے جاری ترقیاتی منصوبوں، برساتی نالے کی تعمیر اور روڈ کی بحالی کے کام کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر متعلقہ افسران نے منصوبے کی پیش رفت، معیار اور تکمیل کے مراحل پر بریفنگ دی۔ دورے کے دوران چیئرمین کورنگی ٹاؤن کے ہمراہ صدر پی ایس 92 متین لودھی، وائس چیئرمین یوسی 11 مولانا عبدالغفور امجدی، اراکین كونسل، ٹی ایم سی کے افسران بھی موجود تھے۔
وفد نے علاقے میں جاری کاموں کا جائزہ لیتے ہوئے عوامی سہولیات میں بہتری کے حوالے سے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔ چیئرمین کورنگی ٹاؤن محمد نعیم شیخ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دس ہزار روڈ کورنگی پر جاری یہ میگا پروجیکٹ سندھ حکومت کی جانب سے کورنگی کی عوام اور کاروباری شخصیات کے لیے ایک بہترین تحفہ ہے۔انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کی تکمیل سے نہ صرف ٹریفک کے مسائل میں نمایاں کمی آئے گی بلکہ برساتی پانی کی نکاسی کا دیرینہ مسئلہ بھی حل ہوگا، جس سے شہریوں اور تاجروں کو بڑی سہولت میسر آئے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ کورنگی صنعتی و تجارتی سرگرمیوں کا اہم مرکز ہے، لہٰذا یہاں بنیادی ڈھانچے کی بہتری ناگزیر ہے۔ سندھ حکومت اور متعلقہ ادارے عوامی مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کر رہے ہیں اور ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل یقینی بنائی جا رہی ہے۔ چیئرمین کورنگی ٹاؤن نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ تعمیراتی کاموں میں معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے اور منصوبے کو مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے تاکہ عوام جلد از جلد اس کے ثمرات سے مستفید ہو سکیں۔