سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ اپنی بنیادی ذمہ داریوں کی ادائیگی میں مکمل طور پر ناکام ہوچکا ہے ٗجاوداں فہیم
ادارے کا سالانہ بجٹ 43 ارب روپے جبکہ ”سوئیپ” کے نام سے قائم نئے محکمے کے لیے مزید 29 ارب روپے کا قرضہ حاصل کیا
شہری صفائی ستھرائی، پانی اور دیگر بنیادی سہولتوں سے محروم جبکہ اربوں روپے کے بجٹ کے باوجود مسائل میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے
مسائل کے حل کے لیے فوری ومؤثر اقدامات، صاف پانی اور صفائی ستھرائی کی بنیادی سہولتیں فراہم، عوامی وسائل کے ضیاع کا سلسلہ بند کیا جائے
کراچی ……. حلقہ خواتین جماعتِ اسلامی کراچی کی ناظمہ جاوداں فہیم نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ اپنی بنیادی ذمہ داریوں کی ادائیگی میں مکمل طور پر ناکام ہوچکا ہے۔ ادارے کا سالانہ بجٹ 43 ارب روپے ہے جبکہ ”سوئیپ” کے نام سے قائم کیے گئے نئے محکمے کے لیے مزید 29 ارب روپے کا قرضہ حاصل کیا گیا، اس کے باوجود کراچی کے طول و عرض میں کچرے کے ڈھیر حکومتی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہیں۔
کراچی کے شہری صفائی ستھرائی، پانی اور دیگر بنیادی سہولتوں سے محروم ہیں جبکہ اربوں روپے کے بجٹ کے باوجود مسائل میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔ کراچی میں پانی کا شدید بحران پیدا ہوچکا ہے اور شہر کی تقریباً 75 فیصد پانی کی سپلائی متاثر ہے، جس کے باعث شہری بوند بوند پانی کو ترس رہے ہیں۔جاوداں فہیم نے کہا کہ کے فور منصوبہ کراچی کے لیے ایک اہم اور ناگزیر منصوبہ ہے جس کا آغاز سابق سٹی ناظم نعمت اللہ خان کے دور میں ہوا تھا۔
اس منصوبے کا کریڈٹ زبردستی کسی اور کو دینے کی کوشش تاریخی حقائق کو مسخ کرنے کے مترادف ہے، جو افسوسناک اور قابل مذمت ہے۔ کراچی کے دیرینہ مسائل کے حل کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں، شہریوں کو صاف پانی اور صفائی ستھرائی کی بنیادی سہولتیں فراہم کی جائیں اور عوامی وسائل کے ضیاع کا سلسلہ بند کیا جائے۔