گلگت بلتستان میں والہانہ پزیرائی، ایم کیو ایم پاکستان کا فلسفہ تمام قومیتوں کے دل کی آواز بن رہا ہے، ترجمان ایم کیو ایم پاکستان
مملکتِ خداداد کے چپے چپے میں پارٹی منشور گھر کر رہا ہے، روایتی و موروثی سیاست کا سورج غروب ہونے کو ہے، ترجمان متحدہ
ایوانوں میں اٹھانوے فیصد مظلوم و محروم طبقے کی واحد اور حقیقی ترجمان فقط متحدہ قومی موومنٹ ہے، ایم کیو ایم ترجمان
کراچی ۔۔۔…….. متحدہ قومی موومنٹ پاکستان نے گلگت بلتستان کے حالیہ انتخابی مہم و دوروں اور وہاں کے غیور عوام کی جانب سے ملنے والی بے مثال و والہانہ پزیرائی کو پارٹی کے نظریے کی فتح قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایم کیو ایم کا فلسفہ اب ملک کی تمام قومیتوں کے دل کی آواز بن چکا ہے، گلگت بلتستان کے عوام نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ اب مملکتِ خداداد کے چپے چپے میں ایم کیو ایم پاکستان کا منشور گھر کر رہا ہے
اور موروثی سیاست دم توڑ رہی ہے، مرکز بہادر آباد سے جاری کردہ بیان میں ترجمان متحدہ کی جانب سے کہا گیا کہ گلگت بلتستان میں ایم کیو ایم نمائندگان کا جس گرمجوشی سے استقبال کیا جارہا ہے اس نے ملک کے سیاسی منظر نامے کو تبدیل کر دیا ہے، ترجمان متحدہ نے واضح کیا کہ ایوانوں میں ملک کے اٹھانوے فیصد مظلوم پسے ہوئے اور محروم طبقے کی نمائندگی کا دعویٰ کرنے والی سیاسی جماعتیں تو بہت ہیں لیکن عملی طور پر اس غریب اور متوسط طبقے کی حقیقی آواز فقط متحدہ قومی موومنٹ پاکستان ہے، جدوجہد رنگ لا رہی ہے جاگیردارانہ نظام کے خاتمے کا وقت آ گیا،
ایم کیو ایم پاکستان کے ترجمان کا کہنا ہے کہ کراچی سے گلگت تک پاکستان کا عام آدمی بنیادی حقوق سے محروم ہے، متحدہ ترجمان نے مزید کہا کہ ہمارا منشور کسی مخصوص لسانی یا جغرافیائی اکائی تک محدود نہیں بلکہ یہ ملک کے اس اٹھانوے فیصد طبقے کا منشور ہے جو صدیوں سے وڈیرانہ اور جاگیردارانہ نظام کی چکی میں پس رہا ہے، گلگت بلتستان کی عوام نے ایم کیو ایم کے پرچم تلے جمع ہو کر یہ ثابت کیا ہے کہ اقتدار کے ایوانوں پر قابض اشرافیہ کے دن اب گنے جا چکے ہیں،
گلگت بلتستان جیسے دور دراز اور تزویراتی لحاظ سے اہم خطے میں ایم کیو ایم کے نظریے کی یہ پزیرائی اس بات کا واضح اشارہ ہے کہ ملک کا محروم طبقہ اب حقوق کی جنگ کے لئے بیدار ہو چکا ہے، ترجمان نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان اسی رفتار اور جاندار منشور کے ساتھ آگے بڑھتی رہی تو آنے والے وقت میں یہ ملک گیر سطح پر مظلوموں کا سب سے بڑا سیاسی اتحاد بن کر ابھرے گی جس کی جڑیں کراچی سے کاشغر کی سرحدوں تک پھیلی ہوں گی، ایم کیو ایم نے عزم دہرایا ہے کہ وہ ملک کے آخری کونے تک محروم طبقات کو ان کے حقوق دلانے تک چین سے نہیں بیٹھے گی