پانی کی شدید قلت ، کراچی بھر میں احتجاج

پانی کی شدید قلت ناقابل برداشت، جمعہ کو کراچی بھر میں احتجاج کیا جائے گا، جماعت اسلامی

پانی فراہمی کی صورتحال بہتر نہ ہوئی تو شہر میں ہڑتال کی طرف بھی جائیں گے،امراء اضلاع کا اجلاس

پورے شہر میں ٹینکر مافیا کا راج ہے، عوام مہنگے داموں ٹینکر خریدنے پر مجبور ہیں، قائم مقام امیر جماعت اسلامی کراچی کااجلاس سے خطاب

اجلاس میں ٹینکر مافیا کی حکومتی سرپرستی، ناجائز کنکشن اور والو کے نظام میں عملے اور پیپلز پارٹی کی مداخلت کی بھی شدید مذمت کی گئی

کراچی ……قائم مقام امیر جماعت اسلامی کراچی و اپوزیشن لیڈر کے ایم سی سیف الدین ایڈوکیٹ کی زیر صدارت ادارہ نور حق میں امراء اضلاع کا اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں کراچی کی تباہ حالی، عوامی مسائل بالخصوص پانی کے بدترین بحران کا جائزہ لیا گیا، شہر میں پانی کی عدم فراہمی کے باعث پیدا شدہ صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سندھ حکومت، قابض میئر اور واٹر کارپوریشن کی نا اہلی، بد انتظامی اور ناقص کارکردگی کی شدید مذمت کی گئی

اور حکومت کو متنبہ کیا گیا کہ شہر میں پانی کی فراہمی کی صورتحال فی الفور بہتر نہ ہوئی تو شہر بھر میں بھر پور احتجاج کیا جائے گا، اجلاس میں ٹینکر مافیا کی حکومتی سرپرستی، ناجائز کنکشن اور والو کے نظام میں عملے اور پیپلز پارٹی کی ملی بھگت کی بھی شدید مذمت کی گئی

۔ سیف الدین ایڈوکیٹ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قابض میئر واٹر کارپوریشن کے چیئر مین بھی ہیں،شہر میں پانی کے بدترین بحران اورعوام کی اذیت کی ذمہ داری قابض میئر پر ہی عائد ہوتی ہے، شہر میں پانی کی فراہمی اب تک بحال نہیں ہوئی اس لیے جماعت اسلامی اپنے الٹی میٹم کے پورے ہونے کے بعدجمعہ 5جون کو پورے شہر میں زبردست احتجاج کرے گی

،پانی فراہمی کی صورتحال بہتر نہ ہوئی تو شہر میں ہڑتال کی طرف بھی جائیں گے، پورے شہر میں ٹینکر مافیا کا راج ہے، عوام کو نلکوں میں پانی نہیں مل رہا لیکن ٹینکر مافیا کو مل رہا ہے اور عوام مہنگے داموں ٹینکر خریدنے پر مجبور ہیں، شدید گرمی کے موسم میں پانی کی عدم فراہمی نے عوام کو اذیت میں مبتلا کر رکھا ہے

اور شہری جگہ جگہ احتجاج کر رہے ہیں، اگر پانی کی فراہمی میں فوری بہتری نہ لائی گئی تو پانی کے بحران سے شہر میں امن و امان کی صورتحال بھی خراب ہونے کا خدشہ ہے، سیف الدین ایڈوکیٹ نے کہا کہ جماعت اسلامی نے ہمیشہ کراچی کے عوام کے حق اور مسائل کے حل کے لیے آواز اُٹھائی ہے اور عوام بھی سمجھ رہے ہیں کہ صرف جماعت اسلامی ہی عوام کی حقیقی ترجمان بنی ہوئی ہے،

حکومت اور دیگر پارٹیوں کو عوام کے مسائل سے کوئی سرو کار نہیں، انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے کے الیکٹرک کی لوٹ مار اور عوام دشمن اقدامات اور پالیسیوں کے خلاف بھی جدو جہد کی ہے اور نہ صرف سڑکوں پر احتجاج بلکہ نیپرا کے اندر بھی اہل کراچی کا مقدمہ لڑا ہے،اجلاس میں مہم چرم و اجتماعی قربانی کا بھی جائزہ لیا گیا،

کھالوں کی تعداد اور اجتماعی قربانی کے مراکز میں اضافے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اسے اہل کراچی کا الخدمت پر بڑھتے ہوئے اعتماد کا مظہر قرار دیا گیا، اجلاس میں ممبر شب مہم کا بھی جائزہ لیا گیا اور ہدایات کی گئی کہ تمام اضلاع جلد از جلد اپنے اہداف کو مکمل کر یں، اجلاس میں اضلاع کی سطح پر ممبر شب کنونشن کے انعقاد کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

اپنا تبصرہ لکھیں