عوامی جدوجہد سخت لائحۂ عمل

کراچی میں بجلی، گیس اور پانی کے بحران پر ایم پی پی کا سخت مؤقف

عید کے بعد عوامی جدوجہد اور لائحۂ عمل کی تیاری شروع

25 ٹاؤنز اور یونین کونسلز سے مشاورت اور رائے طلب

کراچی آرگنائزنگ کمیٹی کی احتجاج سمیت تمام آپشنز پر غور کی سفارش

میئرز اور چیئرمینز ناکام، شہر میں کرپشن کا راج قائم ہے: ایم پی پی

“کراچی کو کھنڈرات میں تبدیل نہیں ہونے دیں گے، اب خاموش نہیں رہا جا سکتا”

کراچی …….. میری پہچان پاکستان (ایم پی پی) نے کراچی کی تباہ حال معاشی صورتحال، بجلی، گیس اور پانی کی مسلسل بندش پر سخت مؤقف اختیار کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ عید کے بعد عوام کے ساتھ یکجہتی کے لیے باقاعدہ لائحۂ عمل ترتیب دینے اور عملی جدوجہد شروع کرنے پر غور شروع کر دیا گیا ہے۔

ایم پی پی کے مطابق کراچی میں بڑھتی ہوئی مہنگائی، بنیادی سہولیات کی عدم فراہمی، کے الیکٹرک کی طویل لوڈشیڈنگ، سوئی گیس کی بندش اور پانی کے بحران نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ پارٹی قیادت کا کہنا ہے کہ کراچی کے عوام طویل عرصے سے مشکلات، نااہلی اور مسلسل نظراندازی کا شکار ہیں، جس کے باعث شہری شدید ذہنی اور معاشی دباؤ کا سامنا کر رہے ہیں۔

ایم پی پی نے بتایا کہ عوامی رائے اور زمینی حقائق کو مدِنظر رکھتے ہوئے کراچی کے 25 ٹاؤنز اور یونین کونسلز سے مشاورت اور رائے طلب کر لی گئی ہے تاکہ عید کے بعد عوامی مسائل کے حل، احتجاجی حکمتِ عملی اور شہری حقوق کے تحفظ کے لیے مؤثر اور متفقہ لائحۂ عمل ترتیب دیا جا سکے۔

پارٹی کے مطابق کراچی آرگنائزنگ کمیٹی نے مرکزی کمیٹی سے درخواست کی ہے کہ عوامی مسائل کے حل کے لیے احتجاج سمیت تمام آئینی، جمہوری اور عوامی آپشنز پر سنجیدگی سے غور کیا جائے۔ کمیٹی کا کہنا تھا کہ شہریوں کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو چکا ہے اور اب خاموش تماشائی بن کر رہنا ممکن نہیں رہا۔

ایم پی پی رہنماؤں نے الزام عائد کیا کہ میئرز اور چیئرمینز کی کارکردگی مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے جبکہ شہر میں کرپشن کا راج قائم ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ شہری سہولیات تباہ ہو چکی ہیں، ترقیاتی کام سست روی کا شکار ہیں اور عوام کی آواز کو مسلسل دبانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

پارٹی رہنماؤں نے واضح کیا کہ “کراچی کو کھنڈرات میں تبدیل نہیں ہونے دیں گے، بہت ظلم ہو چکا، اب مزید خاموش نہیں رہا جا سکتا”۔ ان کا کہنا تھا کہ شہریوں کے بنیادی حقوق کے لیے ہر جمہوری، آئینی اور عوامی فورم پر آواز بلند کی جائے گی اور کراچی کے عوام کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا

اپنا تبصرہ لکھیں