گریٹر کراچی ریجنل پلان 2047

گریٹر کراچی ریجنل پلان 2047 کی عوامی نمائش اور اوپن ہاؤس ایونٹ کا انعقاد

مئیر کراچی مرتضیٰ وہاب کی اوپن ہاؤس ایونٹ میں شرکت

کراچی:……. حکومتِ سندھ اور ادارہ ترقیات کراچی کے اشتراک سے گریٹر کراچی ریجنل پلان 2047 کے تحت عوامی نمائش اور اوپن ہاؤس ایونٹ کا انعقاد کیا جا رہا ہے، پروجیکٹ ڈائریکٹر محمد ارشد خان کا کہنا تھا کہ اس پلان کا مقصد کراچی کے مستقبل کی منصوبہ بندی، شہری ترقی، بنیادی سہولیات اور پائیدار شہری وژن کے حوالے سے عوامی مشاورت اور شراکت داری کو فروغ دینا ہے۔

یہ منصوبہ پاکستان کے قیام کے 100 سال مکمل ہونے کے تناظر میں کراچی کے مستقبل کے لیے جامع اور دیرپا منصوبہ بندی کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے، جس میں شہریوں، ماہرینِ شہریات، تعلیمی اداروں، سول سوسائٹی، کاروباری برادری اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی آراء اور تجاویز کو شامل کیا جا رہا ہے۔

اوپن ہاؤس ایونٹ میں مئیر کراچی مرتضیٰ وہاب نے شرکت کی اور بین الاقوامی کنسلٹنٹس کی جانب سے گریٹر کراچی ریجنل پلان 2047 پر تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔اس موقع پر مئیر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ کراچی کی ترقی اور بحالی کے لیے ہم سب کو مشترکہ طور پر کام کرنا ہوگا تاکہ شہرِ قائد کو اس کی اصل شناخت اور بہتر مستقبل کی جانب گامزن کیا جا سکے۔

انہوں نے ادارہ ترقیات کراچی کے افسران اور بین الاقوامی کنسلٹنٹس کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے میں کراچی کے مستقبل کے حوالے سے واضح، مربوط اور روشن وژن نظر آتا ہے۔مئیر کراچی نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ خالق دینا ہال میں منعقدہ عوامی نمائش اور اوپن ہاؤس ایونٹ میں شرکت کر کے اپنی آراء اور تجاویز ضرور پیش کریں تاکہ کراچی کے مستقبل کی منصوبہ بندی میں عوامی رائے کو مؤثر انداز میں شامل کیا جا سکے۔

اپنا تبصرہ لکھیں