بی ون ایریا ٹاؤن ڈسپنسری کا افتتاح

ٹاؤن میونسپل کارپوریشن لیاقت آباد کی جانب سے ایک اور احسن اقدام یونین کمیٹی نمبر 06 بی ون ایریا ٹاؤن ڈسپنسری کا افتتاح

ٹاؤن ڈسپنسری کا باقائدہ افتتاح اپوزیشن لیڈر سیف الدین ایڈوکیٹ نے امیر جماعت اسلامی ضلع گلبرگ وسطی کامران سراج اور چیئر مین
لیاقت آباد ٹاؤن فراز حسیب کے ہمراہ کیا

لیاقت آباد ٹاؤن کی قیادت عوامی خدمت کے جذبے کے تحت عملی اقدامات کر رہی ہے: سیف الدین ایڈوکیٹ
عوام کی خدمت ہی دراصل حقیقی سیاست ہے اور جماعت اسلامی اسی وژن کے ساتھ میدان عمل میں موجود ہے:کامران سراج
اس ڈسپنسری کو ازسرِنو فعال اور بہتر بنایا گیا ہے تاکہ عوام کو ان کے علاقے میں معیاری اور فوری طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں:فراز حسیب

کراچی…… ٹاؤن میونسپل کارپوریشن لیاقت آباد کی جانب سے یونین کمیٹی نمبر 06 بی ون ایریا ٹاؤن ڈسپنسری کا افتتاح کر دیا گیا۔ ٹاؤن ڈسپنسری کا باقائدہ افتتاح اپوزیشن لیڈر سیف الدین ایڈوکیٹ نے امیر جماعت اسلامی ضلع گلبرگ وسطی کامران سراج اور چیئر مین لیاقت آباد ٹاؤن فراز حسیب کے ہمراہ کیا،اس موقع پر وائس چیئرمین اسحاق تیموری، چیئرمین یو سی06 معین عباس مدنی متعلقہ افسران اور علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر سیف الدین ایڈوکیٹ نے کہا کہ عوام کو صحت، تعلیم اور بنیادی سہولیات کی فراہمی بلدیاتی نمائندوں کی اہم ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ لیاقت آباد ٹاؤن کی قیادت عوامی خدمت کے جذبے کے تحت عملی اقدامات کر رہی ہے اور یہ اس سلسلے کی تیسری ڈسپنسری ہے جسے بہتر ین انداز میں فعال کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایسے منصوبے شہریوں کے اعتماد کی بحالی اور بہتر بلدیاتی نظام کی عکاسی کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔ سیف الدین ایڈوکیٹ نے اس امید کا اظہار کیا کہ مستقبل میں بھی عوامی فلاح کے منصوبے اسی جوش و جذبے کے ساتھ جاری رہیں گے۔امیر جماعت اسلامی ضلع گلبرگ وسطی کامران سراج نے کہا کہ جماعت اسلامی ہمیشہ عوامی خدمت پر یقین رکھتی ہے اور شہری مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحت کی سہولیات ہر شہری کا بنیادی حق ہے اورلیاقت آباد ٹاؤن کی جانب سے اس ڈسپنسری کی بحالی ایک خوش آئند اقدام ہے جس سے ہزاروں شہری مستفید ہوں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوام کی خدمت ہی دراصل حقیقی سیاست ہے اور جماعت اسلامی اسی وژن کے ساتھ میدان عمل میں موجود ہے۔

چیئرمین لیاقت آباد ٹاؤن فرازحسیب نے کہا کہ ماضی میں یہ ڈسپنسری مکمل طور پر نظر انداز کی گئی تھی، یہاں نہ ڈاکٹرز کی مناسب موجودگی تھی اور نہ ہی عوام کو بنیادی طبی سہولیات میسر تھیں۔ علاقہ مکین شدید مشکلات کا شکار تھے، تاہم اب اس ڈسپنسری کو ازسرِنو فعال اور بہتر بنایا گیا ہے تاکہ عوام کو ان کے علاقے میں معیاری اور فوری طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی خدمت اور بنیادی مسائل ہماری اولین ترجیح ہے۔بعد ازاں پرویز محمود شہید گرین بیلٹ پر پود ے بھی لگائے گئے، اس موقع پر شجرکاری کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا گیا کہ چیئر مین فراز حسیب نے کہا کہ سرسبز ماحول صحت مند شہری زندگی کے لیے انتہائی ضروری ہے۔ مزید براں انہوں نے ماحولیاتی بہتری کے لیے شجرکاری مہم کو مستقبل میں مزید فروغ دینے پر زور دیا۔

اپنا تبصرہ لکھیں