ملازمین کی ہڑتال بھرپور حمایت کا اعلان

متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی مرکزی کمیٹی کا کراچی واٹر کارپوریشن کے ملازمین کی ہڑتال کی بھرپور حمایت کا اعلان
مزدوروں کا معاشی استحصال اور انتظامیہ کی ہٹ دھرمی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی،اراکین مرکزی کمیٹی ایم کیو ایم پاکستان
منتخب سی بی اے، متحدہ ورکرز فرنٹ کے تمام مطالبات تسلیم کیے جائیں، مرکزی کمیٹی کا مطالبہ

کراچی ……………. متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی مرکزی کمیٹی نے کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن میں متحدہ ورکرز فرنٹ (سی بی اے یونین) کی اپیل پر جاری ہڑتال کی مکمل تائید و حمایت کا اعلان کرتے ہوئے ملازمین کے مطالبات کو برحق قرار دیا ہے۔ مرکزی کمیٹی کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ واٹر کارپوریشن کے تمام دفاتر، ٹاؤنز اور ڈویژنز میں ملازمین کا احتجاج اور مکمل تالہ بندی انتظامیہ کے لیے لمحہ فکریہ ہونی چاہیے،

دفاتر کے باہر سینکڑوں کی تعداد میں سراپا احتجاج ملازمین، جو بینرز اور پلے کارڈز اٹھائے اپنے حقوق کے لیے نعرے بازی کر رہے ہیں، درحقیقت انتظامیہ کے ناروا اقدامات اور معاندانہ پالیسیوں کے خلاف عوامی ریفرنڈم ہے، مرکزی کمیٹی نے زور دے کر کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان مظلوم محنت کشوں کے ساتھ کھڑی ہے

ادارے میں میڈیکل سہولیات کی بندش اور آؤٹ سورسنگ جیسی ظالمانہ پالیسیاں ملازمین کا معاشی قتل کرنے کے مترادف ہیں جنہیں کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا، سی بی اے چیئرمین ارشاد خان کی کال پر تمام مزدور تنظیموں بشمول آبکار ورکرز یونین، مزدور یونین، لیبر فرنٹ اور ایمپلائز ایکشن کمیٹی کا متحد ہونا اس عزم کا اظہار ہے کہ اب حقوق چھیننے کا وقت ختم ہو چکا ہے،

مرکزی کمیٹی مطالبہ کرتی ہے کہ انتظامیہ فی الفور ہوش کے ناخن لے، ملازمین کے جائز مطالبات بشمول میڈیکل سہولیات کی بحالی کو یقینی بنائے، بصورتِ دیگر مزدوروں کا احتجاج مزید شدت اختیار کرے گا۔

اپنا تبصرہ لکھیں