پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ عوام دشمن اقدام ہے
ملک پہلے ہی مہنگائی، بے روزگاری اور معاشی دباؤ کا شکار ہے
حکومت فوری طور پر اضافی محصولات اور وصولیاں کم کرے: کوکب اقبال
کراچی …… … کنزیومرز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے چیئرمین کوکب اقبال نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ بھاری اضافے پر شدید تشویش اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ عوام پر مہنگائی کا ایک اور بڑا وار ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس فیصلے سے نہ صرف روزمرہ زندگی متاثر ہوگی بلکہ ٹرانسپورٹ، زراعت، صنعت اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں بھی مزید اضافہ ہوگا۔
کوکب اقبال نے کراچی میں ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک پہلے ہی مہنگائی، بے روزگاری اور معاشی دباؤ کا شکار ہے، ایسے میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اچانک اضافہ غریب اور متوسط طبقے کیلئے ناقابل برداشت بوجھ بن چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی حالات اپنی جگہ، مگر مقامی سطح پر اضافی محصولات، اندرونی اخراجات اور مختلف وصولیوں نے عوام کی مشکلات میں کئی گنا اضافہ کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوامی ٹرانسپورٹ کے کرائے بڑھنے سے عام شہری، مزدور، طلبہ اور ملازمین شدید متاثر ہوں گے جبکہ زرعی شعبے میں لاگت بڑھنے سے خوراک کی قیمتوں میں مزید اضافہ متوقع ہے۔ بھاری گاڑیوں، مال برداری اور ترسیلی نظام کے اخراجات بڑھنے سے مہنگائی کی نئی لہر پیدا ہوگی۔

چیئرمین کنزیومرز ایسوسی ایشن آف پاکستان نے حکومتِ پاکستان سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر پیٹرولیم مصنوعات پر عائد اضافی محصولات اور غیر ضروری وصولیوں میں کمی کی جائے تاکہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو عوامی مفاد میں ہنگامی اقدامات کرتے ہوئے ٹرانسپورٹ، زراعت اور اشیائے ضروریہ کی فراہمی کے شعبوں کیلئے خصوصی سہولتیں فراہم کرنی چاہئیں۔
انہوں نے آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی سے بھی مطالبہ کیا کہ ملک بھر میں سرکاری نرخوں پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور زائد وصولی، کم پیمائش اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف فوری کارروائی کی جائے۔
کوکب اقبال نے کہا کہ موجودہ صورتحال قومی سطح پر سنجیدہ توجہ کی متقاضی ہے اور حکومت کو عوام کو مزید معاشی دباؤ سے بچانے کیلئے فوری اور مؤثر اقدامات کرنا ہوں گے