واٹر کارپوریشن کا اہم اقدام، دھابیجی پمپنگ اسٹیشن سے پانی کی فراہمی کی بحالی شروع
شہر کو مجموعی 650 ملین گیلن کی طلب کے مقابلے میں اس وقت 500 ملین گیلن پانی کی فراہمی جاری ہے
کراچی(اسٹاف رپورٹر)میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کی ہدایت پر واٹر اکارپوریشن نے شہر میں پانی کی فراہمی کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے اہم اقدام کرتے ہوئے دھابیجی پمپنگ اسٹیشن سے سپلائی بحالی کا عمل شروع کر دیا۔ ترجمان کے مطابق واٹر کارپوریشن نے دھابیجی پمپنگ اسٹیشن کے 3 پمپس ہاؤس سے پانی کی فراہمی بحال کر دی ہے، جس کے بعد کے-3 پمپس ہاؤس کے 4 پمپس کے ذریعے شہر کے مختلف علاقوں کو پانی کی سپلائی دوبارہ شروع کر دی گئی ہے۔ ترجمان نے بتایا کہ 4 پمپس فعال ہونے کے بعد شہر کو مزید 100 ملین گیلن پانی کی فراہمی بحال ہوئی ہے، جس سے مجموعی سپلائی میں بہتری آئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ شہر کو مجموعی 650 ملین گیلن کی طلب کے مقابلے میں اس وقت 500 ملین گیلن پانی کی فراہمی جاری ہے، جبکہ صرف 150 ملین گیلن پانی کی کمی کا سامنا ہے۔ ترجمان کے مطابق دھابیجی کے مجموعی طور پر 21 پمپس میں سے 16 پمپس سے پانی کی فراہمی معمول کے مطابق جاری ہے، جبکہ صرف 5 پمپس کو عارضی طور پر بند رکھا گیا ہے تاکہ ضروری تکنیکی کام مکمل کیا جا سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ دھابیجی کے فعال 16 پمپس کے ساتھ ساتھ حب پمپنگ اسٹیشن سے بھی شہر کو پانی کی فراہمی معمول کے مطابق جاری ہے۔ ترجمان کے مطابق نارتھ کراچی اور سرجانی ٹاؤن کے متاثرہ علاقوں میں بھی پانی کی فراہمی بحال کر دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مزید تکنیکی کام مکمل ہوتے ہی دیگر متاثرہ علاقوں میں بھی پانی کی مکمل بحالی یقینی بنائی جائے گی تاکہ شہریوں کو بلا تعطل پانی کی فراہمی فراہم کی جا سکے