بھارت افغانستان سہولت کار نیندیں حرام

ایم کیو ایم پاکستان کے زیرِ اہتمام افواجِ پاکستان سے اظہارِ یکجہتی کے لئے اورنگی ٹاؤن نمبر 5 پر عظیم الشان مظاہرے کا انعقاد
مظاہرے میں حق پرست اراکینِ قومی و صوبائی اسمبلی صبحین غوری، اعجاز الحق فہیم پٹنی، مظاہر امیر، نصیر احمد کارکنان ذمہ داران اور عوام کی بڑی تعداد کی شرکت

ایم کیو ایم قیادت اور شرکاء کا وطنِ عزیز کے دفاع کے لئے پاک افواج کے شانہ بشانہ کھڑے ہونے کے عزم کا اعادہ

فیلڈ مارشل کی قیادت میں پاکستان کو ملنے والی عالمی پذیرائی نے بھارت افغانستان اور ان کے سہولت کاروں کی نیندیں حرام کر دی ہیں، ڈاکٹر فاروق ستار

بانیانِ پاکستان کی اولادوں پر مشتمل یہ مجمع اس حقیقت کا ثبوت ہے کہ وطن بنانے اور اس کی حفاظت کے لئے آج بھی کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا، ڈاکٹر فاروق ستار

کراچی کے عوام نہ صرف پاک فوج سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہیں بلکہ بوقتِ ضرورت افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ دشمنانِ وطن کو ناکوں چنے چبوانے کے عزم کا بھی اعادہ کرتے ہیں، سید امین الحق

پاکستان میں ہونے والی دہشت گردانہ کارروائیوں کے تانے بانے براستہ افغانستان بھارت تک جا ملتے ہیں، سید امین الحق

اپنے اجداد کی میراث پر اٹھے ہاتھ کو اکھاڑ پھینکنے کی صلاحیت ہم رکھتے ہیں، حفیظ الدین

جارحانہ عزائم چاہے بھارت کی جانب سے ہوں یا افغانستان کی طرف سے افواجِ پاکستان ان کی مذمت ہی نہیں بلکہ مؤثر مرمت کرنا بھی جانتی ہیں، علی خورشیدی

کراچی۔۔……..متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے زیرِ اہتمام افواجِ پاکستان سے بھرپور اظہارِ یکجہتی کے لئے عظیم الشان اور ولولہ انگیز مظاہرہ منعقد کیا گیا، مظاہرے میں حق پرست اراکینِ قومی و صوبائی اسمبلی صبحین غوری، اعجاز الحق، فہیم پٹنی مظاہر امیر، نصیر احمد عوام کارکنان اور ذمہ داران کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور وطنِ عزیز کے دفاع کے لئے پاک افواج کے شانہ بشانہ کھڑے ہونے کے عزم کا اعادہ کیا گیا، مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے سینئر مرکزی رہنماء ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ بانیانِ پاکستان کی اولادوں پر مشتمل یہ مجمع اس حقیقت کا ثبوت ہے کہ وطن بنانے اور اس کی حفاظت کے لئے آج بھی کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا، انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بقاء سلامتی استحکام اور تعمیر و ترقی کی بات ہو تو کراچی ہمیشہ سب سے پہلے اپنے آپ کو ملک پر نچھاور کرنے کے لیے پیش کرتا ہے افواجِ پاکستان کے ساتھ ایم کیو ایم پاکستان کا رشتہ لازم و ملزوم ہے، ڈاکٹر فاروق ستار نے بھارت اور افغانستان کے گٹھ جوڑ کو عالمی دہشت گردی کے نیٹ ورک کا سرپرست قرار دیتے ہوئے کہا کہ دہائیوں پر محیط مہمان نوازی کا صلہ پاکستان کو دہشت گردی کی صورت میں ملا لاکھوں افغانوں کو عزت روزگار شناخت اور پاسپورٹ دیئے گئے مگر اب صبر کا پیمانہ لبریز ہو چکا ہے،

انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ پاکستان نے تمہیں تیرنا سکھایا ہے ہمیں مجبور نہ کرو کہ ہم احسانات گنوائیں اور بدلہ لیں، انہوں نے مزید کہا کہ معرکۂ حق میں پاکستان کی کامیابی اور بھارت کی عالمی سطح پر جگ ہنسائی آج بھی نریندر مودی کے لیے باعثِ شرمندگی بنی ہوئی ہے جبکہ فیلڈ مارشل کی قیادت میں پاکستان کو ملنے والی عالمی پذیرائی نے بھارت افغانستان اور ان کے سہولت کاروں کی نیندیں حرام کر دی ہیں، اس موقع پر سینئر مرکزی رہنماء سید امین الحق نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی قیادت کارکنان اور کراچی کے عوام نہ صرف پاک فوج سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہیں بلکہ بوقتِ ضرورت افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ دشمنانِ وطن کو ناکوں چنے چبوانے کے عزم کا بھی اعادہ کرتے ہیں، انہوں نے کہا کہ یہ بات کسی سے ڈھکی چھپی نہیں کہ افغانستان بھارتی پراکسی کے طور پر کام کر رہا ہے اور پاکستان میں ہونے والی دہشت گردانہ کارروائیوں کے تانے بانے براستہ افغانستان بھارت تک جا ملتے ہیں،

انہوں نے یاد دلایا کہ گزشتہ برس دنیا نے دیکھا کہ پاکستان نے بھارتی جارحیت کا دندان شکن جواب دے کر دشمن کو پسپائی پر مجبور کیا اور آج احسان فراموش افغانستان بھی دبکنے پر مجبور ہے، انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر تسلیم شدہ حقیقت ہے کہ مملکتِ خداداد کی جانب اٹھی ہر میلی آنکھ کے خلاف پوری قوم افواجِ پاکستان کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار بن جاتی ہے، ایم کیو ایم پاکستان افغانستان کو خبردار کرتی ہے کہ وہ بھارت سے سبق حاصل کرے پاکستانی عوام اپنی قیادت میں اندرونی و بیرونی سرحدوں کے تحفظ کے لئے ہمہ وقت چوکس ہیں، حق پرست رکن قومی اسمبلی حفیظ الدین نے کہا کہ وطن سے محبت اور اس کے لئے قربانی کا جذبہ ہمارے خون میں شامل ہے اپنے اجداد کی میراث پر اٹھے ہاتھ کو اکھاڑ پھینکنے کی صلاحیت ہم رکھتے ہیں،

مظاہرے سے حق پرست قائد حزبِ اختلاف سندھ اسمبلی علی خورشیدی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا ہر شہری افواجِ پاکستان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا ہے دشمنانِ پاکستان کسی خوش فہمی میں نہ رہیں جارحانہ عزائم چاہے بھارت کی جانب سے ہوں یا افغانستان کی طرف سے افواجِ پاکستان ان کی مذمت ہی نہیں بلکہ مؤثر مرمت کرنا بھی جانتی ہیں، مظاہرے کے اختتام پر ایم کیو ایم نے حکومتِ پاکستان سے مطالبہ کیا کہ نیشنل ایکشن پلان پر اس کی اصل روح کے مطابق عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے اور ملک میں دہشت گردی و مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث عناصر اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف بلاامتیاز اور بھرپور کارروائی کا فوری آغاز کیا جائے، اس موقع اراکینِ مرکزی کمیٹی، مرکزی شعبہ جات کے ذمّہ داران و ارکان بھی موجود تھے۔

اپنا تبصرہ لکھیں