گلشن اقبال ٹاؤن: یوسی 3 میں ترقیاتی کاموں کا دوبارہ آغاز، سڑک کی تعمیر 25 دن میں مکمل کرنے کا اعلان
چیئرمین ڈاکٹر فواد احمد کا سٹی لان تا لائنز ہاؤس منصوبے کا دورہ
یوسی 3 میں انفرااسٹرکچر کی بہتری کے لیے تمام اداروں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرلیا گیا
کراچی ( اسٹاف رپورٹر) چیئرمین گلشنِ اقبال ٹاؤن ڈاکٹر فواد احمد نے یوسی 3 کے چیئرمین ماجد خان کے ہمراہ سٹی لان تا لائنز ہاؤس تک جاری ترقیاتی کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر متعلقہ اداروں کے افسران اور نمائندگان بھی موجود تھے۔
گلشنِ اقبال ٹاؤن کی جانب سے اس اہم ترقیاتی منصوبے کے آغاز کے لیے کلک، سوئی سدرن گیس کمپنی، کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن اور دیگر متعلقہ اداروں کو اعتماد میں لے کر کام شروع کیا گیا ہے۔ منصوبے میں زیرِ زمین سیوریج لائنوں کی تبدیلی، سوئی گیس لائن کی تنصیب اور دیگر بنیادی انفراسٹرکچر کی بہتری شامل ہے۔
چیئرمین گلشن اقبال ٹاؤن ڈاکٹر فواد احمد نے کہا کہ یوسی 3 میں سڑک کی تعمیر کا کام مختلف مسائل کے باعث متاثر ہوا تھا، تاہم اب تمام اسٹیک ہولڈرز کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرکے اس منصوبے کو دوبارہ فعال کیا جا رہا ہے تاکہ تعمیراتی کام پائیدار اور معیاری ہو۔

انہوں نے مزید کہا کہ انہیں علاقہ مکینوں کو درپیش مشکلات کا مکمل ادراک ہے اور انشاءاللہ آئندہ 20 سے 25 دنوں میں سڑک کی تعمیر مکمل کرکے عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے گا انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ترقیاتی کاموں میں تعاون کریں تاکہ گلشنِ اقبال کو مزید بہتر اور خوبصورت بنایا جا سکے۔اس موقع پر ایگزیکٹو انجینئر بی اینڈ آر راشد فیاض، کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن، سوئی سدرن گیس کمپنی اور کلک کے نمائندگان بھی موجود تھے