ایم کیو ایم کے چیئرمین ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کی قیادت میں وفد کی وزیراعظم سے ملاقات، کراچی اور حیدرآباد کے ترقیاتی منصوبوں پر اہم مطالبات پیش
ے فور کی رواں سال تکمیل اور گرین لائن روٹ کی رکاوٹیں دور کرنے پر سیر حاصل گفتگو
کراچی ۔۔۔………. متحدہ قومی موومنٹ کے چیئرمین ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کی قیادت میں ایک اعلیٰ سطح کے وفد نے وزیراعظم میاں شہباز شریف سے ملاقات کی جس میں آئندہ مالیاتی بجٹ اور سندھ کے شہری علاقوں کے دیرینہ مسائل سمیت اہم ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، ملاقات میں ایم کیو ایم کے وفد میں سینئر مرکزی رہنماء ڈاکٹر فاروق ستار سید امین الحق اور جاوید حنیف شامل تھے، جبکہ حکومتی وفد میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار وفاقی وزیر احسن اقبال اور وزیراعظم کے معاون خصوصی رانا ثناء اللّٰہ نے شرکت کی، ایم کیو ایم کی جانب سے بجٹ کے فور اور گرین لائن و دیگر امور بھی زیر بحث رہے،
ملاقات انتہائی سازگار ماحول میں ہوئی جس میں ایم کیو ایم کی جانب سے وفاق کے سامنے سندھ کے شہری بالخصوص کراچی اور حیدرآباد کے مسائل کے حل کے لئے مطالبات کا ایجنڈا رکھا گیا، ایم کیو ایم پاکستان نے آئندہ مالیاتی بجٹ 2026/27ء میں کراچی اور حیدرآباد کے بنیادی ڈھانچے کی بہتری کے لئے خطیر ترقیاتی فنڈز مختص کرنے کا پرزور مطالبہ کیا، ایم کیو ایم وفد نے اصرار کیا کہ کراچی کے لئے پانی کی فراہمی کے اہم ترین کے فور منصوبے کو رواں سال کے اندر ہر صورت مکمل کیا جائے تاکہ شہریوں کو ریلیف مل سکے،
گرین لائن منصوبے کے روٹ کو اس کے اصل ڈیزائن کے مطابق مکمل کرنے اور اس کی راہ میں حائل تمام تر انتظامی و مالی رکاوٹوں کو فی الفور دور کرنے پر بھی تفصیلی بات چیت ہوئی، وزیراعظم میاں شہباز شریف نے ایم کیو ایم کے مطالبات کو سنجیدگی سے سنا اور وفد کو یقین دلایا کہ کراچی ملک کا معاشی انجن ہے اس کے ترقیاتی منصوبوں میں تعطل برداشت نہیں کیا جائے گا، ملاقات کے آخر میں دونوں جانب سے ورکنگ ریلیشن شپ کو مزید مضبوط بنانے اور عوامی فلاح کے منصوبوں کو تیز رفتاری سے آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا