ڈاکٹرعشرت العباد کیجانب سےاہم اعلان

ڈاکٹرعشرت العباد خان کی ہدایت پر ملک بھر میں عیدالاضحیٰ پر مستحقین میں قربانی کا گوشت تقسیم کرنے کا اعلان
ایم پی پی کی مرکزی کمیٹی کا مہنگائی سے متاثرہ عوام، مزدوروں اور پنشنرز کے مسائل پر فوری کارروائی کا مطالبہ
ڈمپر اور ہیوی ٹریفک حادثات میں جاں بحق افراد کے گھروں جانے اور متاثرہ خاندانوں سے اظہار یکجہتی کا فیصلہ

کے ایم سی پنشنرز کی تنخواہوں میں مبینہ رکاوٹ، اضافی تنخواہوں کی عدم ادائیگی اور کرپشن پر شدید تشویش
کراچی میں ترقی کے بجائے تنزلی، ٹھیکوں میں بدعنوانی اور بے روزگاری پر سخت مذمت
عوام دوست بجٹ، روزگار کے مواقع اور فلاحی اقدامات کے حق میں قرارداد منظور

کراچی ……….سابق گورنر سندھ، نشانِ امتیاز اور روحِ رواں “میری پہچان پاکستان” ڈاکٹر عشرت العباد خان کی ہدایت پر ملک بھر میں عیدالاضحیٰ کے موقع پر مستحقین، غریب اور نادار خاندانوں میں قربانی کا گوشت تقسیم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس حوالے سے “میری پہچان پاکستان” (ایم پی پی) کی مرکزی کمیٹی کا ایک اہم اجلاس انچارج مرکزی کمیٹی نہال احمد صدیقی کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں ملک کی موجودہ سیاسی، معاشی اور سماجی صورتحال پر تفصیلی غور کیا گیا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مہنگائی، بے روزگاری اور بڑھتے ہوئے معاشی بحران سے متاثرہ خاندانوں تک عیدالاضحیٰ کے موقع پر قربانی کا گوشت منظم انداز میں پہنچایا جائے گا تاکہ حقیقی مستحقین کی مدد یقینی بنائی جا سکے۔ اجلاس میں اس امر پر بھی زور دیا گیا کہ کارکنان عید کے موقع پر نہ صرف مستحقین کی مدد کریں بلکہ ایک دوسرے کی خبر گیری، خدمت اور بھائی چارے کے فروغ کو بھی یقینی بنائیں۔

مرکزی کمیٹی نے کراچی میں ڈمپر اور ہیوی ٹریفک کے بڑھتے ہوئے حادثات پر شدید افسوس اور تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فیصلہ کیا کہ تنظیمی وفود جاں بحق افراد کے گھروں کا دورہ کریں گے، متاثرہ خاندانوں سے اظہار تعزیت کریں گے اور ان کے مسائل حکام تک پہنچائیں گے۔ اجلاس میں مطالبہ کیا گیا کہ شہر میں ہیوی ٹریفک کے نظام کو مؤثر بنایا جائے تاکہ قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع روکا جا سکے۔

اجلاس میں مرکزی کمیٹی کے رکن اور لیبر ونگ کے نگران سیف یار خان نے مزدوروں، پنشنرز اور بلدیاتی ملازمین کے مسائل پر تفصیلی رپورٹ پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ عید کی تنخواہیں عدالتی احکامات اور حکومتی ہدایات کے مطابق فوری طور پر ادا کی جائیں، جبکہ کے ایم سی پنشنرز کی تنخواہوں اور پنشن میں مبینہ رکاوٹوں کا فوری نوٹس لیا جائے۔ انہوں نے ایچ بی ایل کی جانب سے بعض معاملات میں تاخیر، اضافی تنخواہوں کی عدم ادائیگی اور مختلف محکموں میں مبینہ کرپشن پر بھی تشویش ظاہر کی۔

اجلاس میں متفقہ طور پر مطالبہ کیا گیا کہ متعلقہ ادارے فوری ایکشن لیتے ہوئے مزدوروں، ریٹائرڈ ملازمین اور پنشنرز کو ریلیف فراہم کریں۔ شرکاء نے کراچی میں ترقیاتی کاموں کے فقدان، بڑھتی ہوئی بدعنوانی، ٹھیکوں میں بے ضابطگیوں اور شہری مسائل میں اضافے کی شدید مذمت کی اور کہا کہ شہر کو مسلسل نظر انداز کیا جا رہا ہے۔

اجلاس میں کراچی سمیت پورے پاکستان میں روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے، نوجوانوں کو بااختیار بنانے، صنعتوں کی بحالی، سرمایہ کاری کے فروغ اور معیشت کو مستحکم کرنے کے لیے ایک حقیقی عوام دوست بجٹ پیش کرنے کا مطالبہ بھی کیا گیا۔ اس حوالے سے ایک متفقہ قرارداد منظور کی گئی جس میں وفاقی اور صوبائی حکومتوں سے مطالبہ کیا گیا کہ بجٹ میں عوامی ریلیف، روزگار، صحت، تعلیم اور بنیادی سہولیات کو ترجیح دی جائے۔

انچارج مرکزی کمیٹی نہال احمد صدیقی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ کے عوام آج بھی ڈاکٹر عشرت العباد خان کو یاد کر رہے ہیں کیونکہ ان کے دور میں کراچی اور سندھ میں ترقیاتی منصوبے، اعتدال پسندی، ہم آہنگی اور استحکام کو فروغ ملا۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر عشرت العباد خان ایک معتدل مزاج، محب وطن اور پاکستان کے استحکام کی علامت شخصیت ہیں جن کی خدمات کو آج بھی عوام قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ تاریخ خود اس حقیقت کی گواہی دے رہی ہے کہ جب بھی کراچی کو مخلص اور باصلاحیت قیادت ملی، شہر نے ترقی کی منازل طے کیں۔ اجلاس کے اختتام پر ملکی سلامتی، استحکام، مہنگائی کے خاتمے، بے روزگار افراد کے لیے آسانیوں اور پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی

اپنا تبصرہ لکھیں