کراچی کی بقاء بحالی کیلئے جدوجہد

کراچی کی بقاء اور بحالی کیلئے سب کو مل کر جدوجہد کرنا ہوگا، ڈاکٹر سلیم حیدر
شہری علاقوں پر مسلط کرپٹ حکمران ان کے وسائل کو لوٹ کر عوام کو بدحالی کی طرف دھکیل رہے ہیں
سب سے زیادہ ٹیکس دینے والے شہری علاقے کھنڈر بنا دیئے گئے ہیں ، لوگوں کو تعلیم اور روزگار سے محروم رکھاگیا ہے

کراچی …… مہاجر اتحاد تحریک کے چیئرمین ڈاکٹر سلیم حیدر نے کہا ہے کہ عظیم تر کراچی کی تعمیر کیلئے ہر طبقہ فکر سے رابطہ کریں گے ، کراچی اور سندھ کے شہری علاقوں کو تباہ ہونے نہیں دیں گے ، آج جس طرح سے کراچی کے وسائل کو لوٹا جارہا ہے اور کراچی کو کھنڈر میں تبدیل کردیا گیا ہے اس کے بعد اب وہ دن دور نہیں جب کراچی سندھ کا ایک گوٹھ بن جائے گا۔ وہ کراچی ریذیڈنس فورم کے سربراہ اور سابق رکن سندھ اسمبلی جعفر علی کی دعوت پر ایک مشاورتی اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ جس میں سیاسی، سماجی ، کاروباری ، ادبی شخصیات نے شرکت کی۔

اجلاس میں سابق بیوروکریٹ و چیف انجینئر سلیم صدیقی ، نواب راشد علی خان، کاشف زئی ، اختر روحیلہ، ڈاکٹر شبیر آرائیں ، راشد رضوی ایڈوکیٹ، ندیم بیگ ایڈوکیٹ، سید شفیع قادری کے علاوہ ممتاز رہنما و سابق رکن سندھ اسمبلی شیخ اسماعیل عظیم ، عابد شریف ، شاہد میاں ، اسلم خان ، انور عثمانی، جاوید شمس، کراچی ریذیڈنس فورم کے مرکزی کابینہ کے اراکین مرزا عالم بیگ، منظر عباس، زبیر افضل، فاروق خان ، ایس ایم تنویر ، فرید خان، محمد نعیم قریشی، معراج علی سمیت دیگر نظریاتی کارکنوں اور ہمدردوں نے شرکت کی۔

اجلاس میں شرکاء نے کراچی کی تباہ حالی کے ذمہ دار عناصر کی نشاندہی کی اور متفقہ طورپر فیصلہ کیا کہ ملک، قوم اور شہر کے تحفظ سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ اس موقع پر اجلاس کے میزبان جعفر علی نے اعلان کیا کہ عیدالاضحی کے فوری بعد بھرپور طریقے سے شہری اتحاد ، یکجہتی اور منازل کی طرف پیش قدمی کا آغاز ہوگا ، ڈاکٹر سلیم حیدر نے کہاکہ کراچی پاکستان کی شہ رگ ہے اور اسے ایک سازش کے تحت نقصان پہنچایا جارہا ہے ، کراچی کے مقامی آبادی جن میں مہاجر اور دیگر شامل ہیں وہ آج اس صورتحال پر دل گرفتہ ہیں کیونکہ سندھ کے دیہی علاقوں سے بدنام زمانہ راشی افسران کو لاکر کراچی کے کلیدی عہدوں پر لگایا گیا ہے

جو نہ صرف ملک کے وسائل کو لوٹ رہے ہیں بلکہ کراچی کے عوام کا کوئی بھی کام بغیر رشوت کے نہیں کیا جاتا ، پورا کراچی کھنڈر بن چکا ہے ، کوئی روڈ ، گلی، راستہ ایسا نہیں جہاں سے شہری باعزت طریقے سے گزر سکیں۔ انہوں نے کہاکہ جب تک تمام طبقات مل کر کراچی کی بحالی اور اس کی بقاء کیلئے نہیں کھڑے ہوں گے اس وقت تک کراچی پر مسلط جرائم پیشہ ٹولہ کراچی اور اس کے شہریوں کو لوٹتا رہے گا۔

اپنا تبصرہ لکھیں