سوئی گیس منصوبےمقررہ ڈیڈ لائن

سوئی گیس منصوبے کو مقررہ ڈیڈ لائن میں مکمل کرنے کی ہدایت

چیئرمین گلشن ٹاؤن ڈاکٹر فواد احمد کی زیرِ صدارت منتخب بلدیاتی نمائندوں اور سوئی گیس حکام کا اجلاس

یونیورسٹی روڈ، کے فور اور ریڈ لائن منصوبوں کا دباؤ اندرونی سڑکوں پر منتقل ہوگیا، فوری اقدامات ناگزیر ہیں۔ ڈاکٹر فواد

کراچی……..چیئرمین گلشن اقبال ٹاؤن ڈاکٹر فواد احمد اور وائس چیئرمین ابراہیم صدیقی کی سربراہی میں منتخب بلدیاتی نمائندگان اور سوئی سدرن گیس کمپنی کے ذمہ داران کے درمیان ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں گلشن اقبال کے مختلف علاقوں میں جاری گیس لائنوں کی تبدیلی، کھدائی کے باعث شہری مسائل، ٹریفک کی صورتحال اور ترقیاتی کاموں پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

اجلاس میں یوسی نمائندگان نے مختلف علاقوں میں جاری کھدائی کے سبب عوام کو درپیش مشکلات، سڑکوں کی خراب صورتحال، ٹریفک مسائل اور گیس کنکشنز سے متعلق شکایات کی نشاندہی کی۔ اس موقع پر سوئی گیس حکام نے یقین دہانی کرائی کہ منصوبے کو مقررہ وقت میں مکمل کرنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں اور کوشش کی جارہی ہے کہ شہریوں کو کم سے کم تکلیف کا سامنا کرنا پڑے۔

سوئی گیس حکام نے کہا کہ منتخب بلدیاتی نمائندگان کے ساتھ مسلسل رابطہ رکھا جارہا ہے اور جہاں سے بھی شکایات موصول ہورہی ہیں، انہیں فوری طور پر حل کرنے کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ گیس لائنوں کی تبدیلی کا عمل تیزی سے جاری ہے تاکہ شہریوں کو جلد از جلد ریلیف فراہم کیا جاسکے۔
چیئرمین گلشن اقبال ٹاؤن ڈاکٹر فواد احمد نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گلشن اقبال میں اس پیمانے کی کھدائی ماضی میں کبھی نہیں دیکھی گئی، تقریباً ہر گلی اور سڑک اس عمل سے متاثر ہوئی ہے، جس کے باعث عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ تاہم انہوں نے منتخب بلدیاتی نمائندگان اور سوئی گیس حکام کے درمیان مؤثر کوارڈینیشں کو قابلِ تحسین قرار دیتے ہوئے کہا کہ عوامی مسائل کے حل کیلئے مشترکہ کوششیں جاری ہیں۔

ڈاکٹر فواد احمد نے کہا کہ یونیورسٹی روڈ پر جاری کے فور اور ریڈ لائن منصوبوں کے باعث ٹریفک کا غیر معمولی دباؤ گلشن اقبال کی اندرونی سڑکوں پر منتقل ہوگیا ہے، جس سے بالخصوص یوسی 2، بلاک 13-A، 13-B/C، شبیر احمد عثمانی روڈ اور صہبا اختر روڈ شدید متاثر ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسی صورتحال میں سوئی گیس کی کھدائی کے کام نے شہری مشکلات میں مزید اضافہ کردیا ہے، لہٰذا ضروری ہے کہ تمام ادارے باہمی تعاون سے جلد از جلد کام مکمل کریں۔

انہوں نے صہبا اختر روڈ کی تعمیر و بحالی کے حوالے سے کے ایم سی سے جاری رابطوں کا بھی ذکر کیا اور سوئی گیس حکام کو ہدایت کی کہ فیز ون کے تحت صہبا اختر روڈ پر کام ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے تاکہ عوام کو ریلیف فراہم ہوسکے۔چیئرمین گلشن اقبال ٹاؤن نے کہا کہ گلشن اقبال کے منتخب بلدیاتی نمائندگان اپنے دائرۂ اختیار سے بڑھ کر عوامی خدمت انجام دے رہے ہیں اور ہر مشکل صورتحال میں شہریوں کے مسائل کے حل کیلئے عملی کردار ادا کررہے ہیں۔
اجلاس میں متعلقہ یوسیز کے منتخب نمائندگان، ٹاؤن افسران اور سوئی گیس کمپنی کے متعلقہ حکام نے شرکت کی

اپنا تبصرہ لکھیں