مؤثر نفاذ کے لیے اشتراک پر اتفاق

سندہ و پنجاب انفارمیشن کمیشن کا آر ٹی آئی قوانین کے مؤثر نفاذ کے لیے اشتراک پر اتفاق
شفاف طرزِ حکمرانی عوام کے اعتماد کی بحالی اور خدمات کی فراہمی کو بہتر بنانے کے لیے ناگزیر ہے

کراچی ……. سندھ انفارمیشن کمیشن (ایس آئی سی) اور پنجاب انفارمیشن کمیشن (پی آئی سی) کے ممبران نے لاہور میں پی آئی سی کے دفتر میں ملاقات کی تاکہ سندھ اور پنجاب میں معلومات تک رسائی (آر آئی ٹی) کے قوانین کے بہتر نفاذ کے لیے باہمی تعاون پر تبادلہ خیال کیا جا سکے۔ اجلاس میں سندھ انفارمیشن کمیشن کے کمشنرز محمد سلیم خان اور نور محمد دایو نے شرکت کی، جبکہ پنجاب انفارمیشن کمیشن کی جانب سے چیئرمین محمد مالک بھُلّا اور رکن بشریٰ ثاقب موجود تھیں۔

دونوں جانب سے اس بات کا اعادہ کیا گیا کہ شفافیت اور معلومات تک رسائی کے قوانین کا مؤثر نفاذ شہریوں کو معلومات تک آسان رسائی مہیا کرنے کے ساتھ ساتھ ادارہ جاتی شفافیت اور احتساب کو مضبوط بنانے کے لیے بنیادی حیثیت رکھتا ہے اجلاس میں عوامی آگاہی میں اضافے، سرکاری اداروں کی استعداد کار بڑھانے، اور معلومات کی بروقت اور پیشگی فراہمی کے مؤثر نظام وضع کرنے پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

اس بات پر زور دیا گیا کہ شفاف طرزِ حکمرانی عوام کے اعتماد کی بحالی اور خدمات کی فراہمی کو بہتر بنانے کے لیے ناگزیر ہے۔ دونوں فریقین نے معلومات تک رسائی اور شفافیت کے حوالے سے اپنے تجربات کا تبادلہ کیا۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پیشگی معلومات کی فراہمی کو فروغ دینے، سرکاری افسران کی تربیت کے اقدامات ، اور شہریوں کو معلومات تک رسائی کے حق کے استعمال میں سہولت فراہم کرنے کے لیے مشترکہ طور پر کام کیا جائے گا۔یہ اشتراک جمہوری اقدار کے استحکام اور عوامی اداروں کی جوابدہی کو مزید مؤثر بنانے میں معاون ثابت ہوگا۔

دونوں جانب سے اپنے اپنے آر ٹی آئی قوانین میں بہتری لانے کے طریقوں پر بھی غور کیا گیا تاکہ معلومات تک رسائی اور شفافیت کو مزید یقینی بنایا جا سکے۔
اجلاس کا اختتام اس باہمی اتفاق پر ہوا کہ آگاہی مہمات، تکنیکی معاونت، موجودہ قوانین میں ضروری ترامیم، اور پالیسی سازی کے ذریعے سرکاری اداروں میں شفافیت اور دیانت داری کے فروغ کے لیے مشاورت کا سلسلہ جاری رکھا جائے

اپنا تبصرہ لکھیں