برازیل خاتون فاسٹ باؤلر کا عالمی ریکارڈ

برازیل کی خاتون فاسٹ باؤلر لورا کارڈوسو نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ میں تاریخ رقم کرتے ہوئے ایک اننگز میں نو وکٹیں حاصل کر کے عالمی ریکارڈ قائم کر دیا

لندن (رپورٹ سید عا صم علی قادری)برازیل کی خاتون فاسٹ باؤلر لورا کارڈوسو نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ میں تاریخ رقم کرتے ہوئے ایک اننگز میں نو وکٹیں حاصل کر کے عالمی ریکارڈ قائم کر دیا انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی رپورٹ کے مطابق یہ غیر معمولی کارنامہ انہوں نے لیسوتھو کے خلاف کھیلے گئے میچ میں انجام دیا، جہاں ان کی تباہ کن باؤلنگ کے سامنے حریف ٹیم مکمل طور پر بے بس نظر آئی۔ بوٹسوانا میں جاری کلاہاری ویمنز ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کے اس میچ میں کارڈوسو نے صرف تین اوورز میں محض چار رنز دے کر نو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جو ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کی تاریخ کی بہترین باؤلنگ کارکردگی بن گئی ہے۔

لورا کارڈوسو نے اپنے پہلے ہی اوور میں ہیٹ ٹرک کر کے حریف ٹیم پر دباؤ ڈال دیا۔ اس کے بعد انہوں نے اگلے اوور میں مزید چار وکٹیں حاصل کر کے لیسوتھو کی بیٹنگ لائن کو مکمل طور پر تباہ کر دیا، جبکہ تیسرے اوور میں دو مزید وکٹیں لے کر انہوں نے نو وکٹوں کا تاریخی سنگ میل عبور کیا۔ وہ ایک مرحلے پر تمام دس وکٹیں لینے کے قریب پہنچ گئیں، تاہم آخری وکٹ ان کی ساتھی کھلاڑی کے حصے میں آئی۔

میچ میں برازیل نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 202 رنز کا بڑا مجموعہ اسکور کیا، جس کے جواب میں لیسوتھو کی ٹیم صرف 13 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ یوں برازیل نے یہ مقابلہ 189 رنز کے بھاری مارجن سے جیت لیا۔
برازیل کی ابھرتی ہوئی خاتون کرکٹر لارا کارڈوسو 28 مارچ 2005 کو برازیل کے شہر ساؤ پاؤلو میں پیدا ہوئ۔

یہ پہلا موقع نہیں کہ لارا کارڈوسو نے اپنی باؤلنگ سے دنیا کو متاثر کیا ہو۔ اس سے قبل 2021 میں آئی سی سی امریکا کوالیفائر کے دوران انہوں نے کینیڈا کے خلاف ایک سنسنی خیز مقابلے میں ہیٹ ٹرک کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو ناقابلِ یقین فتح دلائی تھی۔ اس مسلسل شاندار کارکردگی سے انہوں نے نہ صرف برازیل بلکہ عالمی ویمنز کرکٹ میں ایک نمایاں مقام حاصل کیا ہے

اپنا تبصرہ لکھیں