خطیب ِ اعظم کا سالانہ دو روزہ عرس مبارک

خطیب ِ اعظم حضرت مولانا محمد شفیع اوکاڑوی رحمۃ اللّٰہ علیہ کا-43 واں سالانہ عرس مبارک آج شروع ہوگا

کراچی …….. بانیِ جماعت ِ اہلِ سنّت، عاشقِ رسول، محب ِ صحابہ و آلِ بتول، مجدد مسلکِ اہلِ سنّت خطیب ِ اعظم حضرت مولانا محمد شفیع اوکاڑوی رحمۃ اللّٰہ علیہ کا 43 واں سالانہ دو روزہ مرکزی عرس مبارک مولانا اوکاڑوی اکادمی (العالمی) اور گُل زارِ حبیب ٹرسٹ کے زیرِ اہتمام جامع مسجد گُل زارِ حبیب، گلستانِ اوکاڑوی (سولجر بازار) میں آج جمعرات کو بعد نمازِ عشاء شروع ہوگا، حضرت سیدنا داتا گنج بخش رضی اللّٰہ عنہ اور حضرت شیرِ ربّانی شرق پوری رحمۃ اللّٰہ علیہ کے مزار مبارک سے بھیجی گئی خصوصی چادریں دس بجے شب خطیب ِ ملت علامہ کوکب نورانی اوکاڑوی اپنے بھائیوں ڈاکٹر محمد سبحانی اوکاڑوی، صاحب زادہ حامد ربّانی اوکاڑوی اور عقیدت مندوں کے ہم راہ اپنے والدین کریمین کے مرقد مبارک پر چڑھاکر عرس مبارک کی تقریبات کا آغاز کریں گے،

علامہ کوکب نورانی اوکاڑوی نے تمام عقیدت مندوں سے کہا ہے کہ وہ مزار شریف پر چڑھانے کے لیے اپنے ہم راہ کپڑے کی چادریں لانے کی بجائے کسی مستحق کو پوشاک دے کر حضرت خطیب ِ اعظم کو ایصالِ ثواب کریں۔ چادر پوشی و گل پاشی، فاتحہ خوانی اور دعا کے بعد عرس شریف کی پہلی نشست میں ملک اور بیرونِ ملک سے آئے ہوئے علما و مشائخ خطاب کریں گے۔ خطیب ِ اہلِ سنّت پیر بیرسٹر سید وسیم الحسن شاہ نقوی حافظ آبادی کا خصوصی خطاب ہوگا۔ روحانی حلقوں اور اہلِ سنّت کی تنظیموں کی نمائندہ شخصیات شرکت کریں گی۔

عرس شریف کے موقع پر اخبارات و جرائد میں خصوصی مضامین شائع کیے جائیں گے۔ الخطیب کتابی سلسلہ کا سالانہ یادگاری مجلہ شائع کیا گیا ہے، عرس شریف کی اس تقریب میں نعت و مناقب بھی پیش کیے جائیں گے۔ متعدد دینی روحانی حلقوں اور اداروں کی طرف سے بھی ان کے مراکز میں عرس مبارک کی تقریبات منعقد کی جائیں گی

اپنا تبصرہ لکھیں