عقیل کریم ڈھیڈھی کا سابق گورنر اسٹیٹ بینک شمشاد اختر کے انتقال پر اظہارِ تعزیت
مرحومہ کی وفات سے پاکستان ایک مدبر معاشی رہنما سے محروم ہو گیا ہے۔
کراچی (اسٹاف رپورٹر) معروف تاجررہنما عقیل کریم ڈھیڈھی نے سابق گورنر اسٹیٹ بینک آف پاکستان شمشاد اختر کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے اور اسے ملک کے لیے ایک ناقابلِ تلافی نقصان قرار دیا ہے۔اپنے تعزیتی بیان میں عقیل کریم ڈھیڈھی نے کہا کہ شمشاد اختر ایک نہایت قابل، دیانتدار اور عالمی سطح پر تسلیم شدہ ماہرِ معاشیات تھیں، جنہوں نے اسٹیٹ بینک سمیت مختلف اہم قومی و بین الاقوامی اداروں میں خدمات انجام دے کر پاکستان کا نام روشن کیا۔ انہوں نے کہا کہ مرحومہ نے مشکل معاشی حالات میں اپنی پیشہ ورانہ بصیرت، شفاف فیصلوں اور مضبوط پالیسیوں کے ذریعے ملکی مالیاتی نظام کو استحکام دینے میں کلیدی کردار ادا کیا
عقیل کریم ڈھیڈھی کا کہنا تھا کہ شمشاد اختر کی خدمات اور اصلاحاتی اقدامات ہمیشہ یاد رکھے جائیں گے اورآنے والی نسلیں ان کے کام سے رہنمائی حاصل کرتی رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ مرحومہ کی وفات سے پاکستان ایک مدبر معاشی رہنما سے محروم ہو گیا ہے۔
انہوں نے مرحومہ کے اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شمشاد اختر کو جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے، ان کے درجات بلند کرے اور سوگوار خاندان کو صبرِ جمیل عطا فرمائے