کوکب اقبال کی عارف حبیب اور عارف حبیب کنسورشیم کو پی آئی اے کی کامیاب خریداری پر مبارکباد
کراچی، ………..پاکستان کوکب اقبال، چیئرمین کنزیومرز ایسوسی ایشن آف پاکستان (سی اے پی)، نے عارف حبیب اور عارف حبیب کنسورشیم کو پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) کی کامیاب خریداری پر دلی مبارکباد پیش کی ہے اور اسے قومی ایئرلائن کی بحالی کی جانب ایک تاریخی قدم قرار دیا ہے۔
اپنے بیان میں کوکب اقبال نے کہا کہ یہ کامیابی پاکستان کے ہوابازی کے شعبے اور مجموعی معیشت پر اعتماد کی عکاس ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ عارف حبیب کنسورشیم کی پیشہ ورانہ قیادت، مالی مہارت اور شفاف انتظامی حکمتِ عملی کے تحت پی آئی اے اپنی ساکھ، کارکردگی اور معیاری خدمات دوبارہ حاصل کرے گی۔
کوکب اقبال نے اس بات پر زور دیا کہ کنزیومرز ایسوسی ایشن آف پاکستان توقع رکھتی ہے کہ نئی انتظامیہ صارف دوست پالیسیوں کو ترجیح دے گی، خصوصاً تمام ملکی اور بین الاقوامی روٹس پر مناسب اور قابلِ برداشت کرایوں پر غور کیا جائے گا تاکہ عام شہریوں، اوورسیز پاکستانیوں، طلبہ اور کاروباری مسافروں کے لیے فضائی سفر آسان بنایا جا سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ شفاف انتظام، بہتر حفاظتی اقدامات، بروقت پروازیں اور معیاری کسٹمر سروس عوامی اعتماد کی بحالی میں اہم کردار ادا کریں گی۔ پی آئی اے کی بحالی سے روزگار کے مواقع میں اضافہ، سیاحت کے فروغ اور عالمی سطح پر پاکستان کے مثبت تشخص کو بھی تقویت ملے گی۔
کوکب اقبال نے یقین دلایا کہ کنزیومرز ایسوسی ایشن آف پاکستان مسافروں کے حقوق کے تحفظ اور خدمات کے معیار میں بہتری کے لیے عارف حبیب کنسورشیم کے تمام مثبت اقدامات میں مکمل تعاون فراہم کرے گی۔ انہوں نے عارف حبیب اور ان کی ٹیم کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا