کے الیکٹرک کی مجرمانہ ہٹ دھرمی

کے الیکٹرک کا ظلم حد سے تجاوز، 14 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ معاشی حب کے عوام پر قہر بن کر ٹوٹ پڑی ہے، ترجمان ایم کیو ایم پاکستان

کراچی کے شہری شدید ترین گرمی کی شدت اور کے الیکٹرک کی مجرمانہ ہٹ دھرمی کے دوہرے عذاب میں مبتلا ہیں، متحدہ ترجمان

اربوں روپے کے بھاری بھرکم بل ہڑپنے والا ادارہ آئین و قانون سے ماورا ہو کر دھونس اور دھمکیوں پر اتر آیا ہے، ترجمان ایم کیو ایم

وزیراعظم کے الیکٹرک کی اس ہٹ دھرمی کا فوری نوٹس لیں، متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کا مطالبہ

کراچی…….  متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے ترجمان نے کراچی میں جاری شدید ترین گرمی کی لہر کے دوران کے الیکٹرک کی جانب سے کی جانے والی بدترین اور ظالمانہ لوڈشیڈنگ پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے اسے شہریوں کی زندگیوں سے کھیلنے کے مترادف قرار دیا ہے، مرکز بہادر آباد سے جاری کردہ بیان میں متحدہ ترجمان نے کہا ہے کہ کے الیکٹرک ایک بار پھر شہر قائد کو بلا تعطل بجلی فراہم کرنے میں بری طرح ناکام ہو چکی ہے اور اس نے ظلم و ہٹ دھرمی کی تمام حدیں عبور کر دی ہیں، ترجمان ایم کیو ایم پاکستان نے موجودہ صورتحال پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں درجہ حرارت بڑھتے ہی کے الیکٹرک نے شہر کو اندھیروں میں ڈبو دیا ہے، چودہ گھنٹے سے زائد طویل بجلی کی بندش نے اس شدید گرمی میں شہریوں کا سانس لینا محال کر دیا ہے،

بچے بوڑھے اور مریض تڑپ رہے ہیں لیکن اس بے حس ادارے کے کان پر جوں تک نہیں رینگ رہی، متحدہ ترجمان نے کہا کہ کے الیکٹرک ہر مہینے بھاری بھرکم بلوں اور اوور بلنگ کی مد میں کراچی کے عوام کی جیبوں سے اربوں روپے ہڑپ کر رہی ہے اس خطیر سرمائے کے باوجود ادارے نے اپنے ناقص فرسودہ اور بوسیدہ ترسیلی نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لئے کوئی اقدامات نہیں کیئے، پورا ترسیلی نظام معمولی بوجھ بھی برداشت کرنے کے قابل نہیں رہا، ایم کیو ایم پاکستان کے ترجمان نے کہا کہ کے الیکٹرک خود کو کسی قانون یا آئین کے تابع نہیں سمجھتی، عوام کو ریلیف دینے اور اپنی نااہلی کا اعتراف کرنے کے بجائے یہ ادارہ الٹا صارفین پر دھونس دھمکیوں اور انتقامی کارروائیوں پر اتر آیا ہے۔

جائز شکایات لے کر جانے والے شہریوں کو ہراساں کیا جاتا ہے، کراچی پاکستان کا معاشی انجن ہے لیکن کے الیکٹرک نے اس شہر کو ایک مقتل بنا دیا ہے بھاری بل لینے کے بعد بھی بجلی نہ دینا کھلی ڈکیتی ہے، ہم کے الیکٹرک کی اس مجرمانہ غفلت کو مزید برداشت نہیں کریں گے، ترجمان ایم کیو ایم پاکستان نے وزیراعظم نیپرا اور متعلقہ اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ کے الیکٹرک کی اس ہٹ دھرمی کا فوری نوٹس لیا جائے، ادارے کے لائسنس اور کارکردگی کا ازسرنو جائزہ لیا جائے اور کراچی کے ساڑھے تین کروڑ عوام کو اس قہر اور عذاب سے نجات دلائی جائے، اگر لوڈشیڈنگ کا یہ سلسلہ فوری بند نہ ہوا تو ایم کیو ایم عوام کے بنیادی حقوق کے تحفظ کے لئے سڑکوں پر نکلنے سمیت ہر حد تک جانے کا حق محفوظ رکھتی ہے

اپنا تبصرہ لکھیں