بھٹو نام پر شہری سندھ کا خون چوسنے والے

بلاول بھٹو زرداری کی تقریر سے واضح ہو گیا کہ ایم کیو ایم آج بھی ان کے اعصاب پر سوار ہے، ترجمان ایم کیو ایم

اٹھار(18) سالہ لوٹ مار اور نااہلی کو نمائشی منصوبوں سے نہیں چھپایا جا سکتا، ترجمان ایم کیو ایم

بھٹو کے نام پر شہری سندھ کا خون چوسنے والے حکمران عالمی اور نجی شراکت داری کے منصوبوں کا سستا کریڈٹ لینے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں، ترجمان ایم کیو ایم

سندھ کے غیور عوام اب کھوکھلی لفاظی نہیں بلکہ 18 سالہ کرپشن اور محرومیوں کا حساب مانگ رہے ہیں، مظلوم عوام بہت جلد اس جاگیردارانہ سیاست اور کرپٹ اشرافیہ کو مسترد کر دیں گے، ترجمان ایم کیو ایم پاکستان

کراچی۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے ترجمان نے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی حالیہ تقریر پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری کی ہذیانی لفاظی سے ایک بار پھر روزِ روشن کی طرح واضح ہو گیا ہے کہ ایم کیو ایم آج بھی ان کے اعصاب پر بری طرح سوار ہے، گذشتہ 18 برس سے تباہ حال صوبہ سندھ میں عالمی اداروں اور نجی شراکت داری (پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ) کے فنڈز سے بننے والی محض ایک شاہراہ کا افتتاح کر کے اس کا سستا سیاسی کریڈٹ لینے کی ناکام کوشش دراصل پیپلز پارٹی کے سنگین سیاسی دیوالیہ پن کا کھلا اعتراف ہے

، ترجمان نے واشگاف الفاظ میں کہا کہ سندھ کے عوام کو گذشتہ اٹھارہ سال سے بیدردی سے لوٹنے اور اپنی بدترین نااہلی کا ریکارڈ قائم کرنے والے حکمران اب ان نمائشی اور ظاہری منصوبوں کے پیچھے اپنی مجرمانہ ناکامیاں نہیں چھپا سکتے کیونکہ بھٹو کے نام کی مالا جپ کر یہ سیاسی اشرافیہ آج بھی شہری سندھ کے غیور اور معصوم عوام کا خون چوس رہی ہے،

ستم ظریفی یہ ہے کہ آج پورا سندھ بشمول کراچی بجلی، پینے کے صاف پانی، نکاسی آب، گیس اور باوقار پبلک ٹرانسپورٹ جیسی بنیادی ترین انسانی سہولیات سے مکمل طور پر محروم ہے جبکہ صوبے کے ظالم حکمران زمینی حقائق اور عوامی سسکیاں سننے کے بجائے صرف فیتہ کاٹنے اور جھوٹے دعوؤں پر مبنی افتتاحی تقریروں میں مصروف ہیں،

کراچی کی اہم ترین شاہراہ یونیورسٹی روڈ کو تباہ و برباد ہوئے نصف دہائی ہونے کو ہے اور بلاول بھٹو زرداری اس سنگین ترین غفلت سے کسی صورت اپنا دامن چھڑا نہیں سکتے، پیپلز پارٹی نے اپنے طویل سیاہ دورِ حکومت میں سندھ کی دھرتی کو بدعنوانی، ریکارڈ توڑ بے روزگاری اور شدید ترین احساسِ محرومی کے سوا کچھ نہیں دیا، یہی وجہ ہے کہ آج دیہی اور شہری سندھ یکساں طور پر پیپلز پارٹی کی اس بدترین نااہلی اور سرد مہری پر نوحہ کناں ہیں،

جمہوریت کے لبادے میں جعلی اور مینیجڈ اکثریت قائم رکھ کر اقتدار پر قابض رہنے والوں نے سندھ کو پسماندگی کی تاریک دلدل میں دھکیل دیا ہے، لیکن اب سندھ کے عوام ان کی کھوکھلی لفاظی میں آنے والے نہیں بلکہ وہ ان سے کارکردگی اور بجٹ کے ایک ایک روپے کا حساب مانگ رہے ہیں،

ترجمان ایم کیو ایم پاکستان نے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ وقت اب انتہائی قریب آ پہنچا ہے جب سندھ کے مظلوم اور پسے ہوئے عوام اس فرسودہ جاگیردارانہ سیاست کو ہمیشہ کے لیے مسترد کر دیں گے کیونکہ سندھ کی پاک دھرتی کو اس ظالم سیاسی اشرافیہ اور کرپٹ ٹولے کے چنگل سے نجات دلانا اب وقت کی سب سے اہم اور ناگزیر ضرورت بن چکی ہے جس کے لیے ایم کیو ایم اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔

اپنا تبصرہ لکھیں