پر امن شہریوں کو خون خرابے کی دھمکیاں

بلاول نے آکسفورڈ یونیورسٹی سے یہ ہی سیکھا ہے کہ پر امن شہریوں کو خون خرابے کی دھمکیاں دی جائیں،منعم ظفر

پیپلز پارٹی نے 18سال میں کراچی سمیت پورے سندھ کو مسائل کا گڑھ بنا دیا ہے،کیا یہ ہی بلاول اور پیپلز پارٹی کی جمہوریت ہے

بلاول کو کراچی کے مسائل سے کوئی دلچسپی نہیں، وہ صرف وسائل پر قابض رہنا چاہتے ہیں، 18ویں ترمیم کے بعد بھی اختیارات نچلی سطح پر منتقل نہیں کیے گئے

کراچی…………….امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے انتظامی یونٹس اور نئے صوبوں کے قیام کے حوالے سے سندھ کے شہروں بالخصوص کراچی اور دیگر شہری علاقوں میں خون خرابے کی کھلم کھلا دھمکیوں پر اپنے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کیابلاول بھٹو زرداری نے آکسفورڈ یونیورسٹی سے یہ ہی سیکھا ہے کہ پر امن شہریوں کو خون خرابے کی دھمکیاں دی جائیں، پیپلز پارٹی نے 18سال میں کراچی سمیت پورے سندھ کو مسائل کا گڑھ بنا دیا ہے اور اب عوام کو ڈرایا جا رہا ہے، کیا یہ ہی بلاول اور پیپلز پارٹی کی جمہوریت ہے، پیپلز پارٹی نے جمہوریت کے نام پر ہمیشہ فسطائیت اور آمریت کا مظاہرہ کیا ہے

بلاول کو کراچی کے عوام سے کوئی ہمدردی ہے اور نہ مسائل کے حل سے دلچسپی، وہ صرف کراچی کے وسائل پر قابض رہنا چاہتے ہیں، 18ویں ترمیم کے بعد بھی نچلی سطح پر اختیارات و وسائل منتقل نہیں کیے گئے اور ساڑھے تین کروڑ کے شہر کراچی کو اس کا جائز اور قانونی حق نہیں دیا گیا،بلدیاتی نمائندے اختیارات و وسائل سے محروم ہیں، تمام شہری ادارے پیپلز پارٹی کے کنٹرول میں ہیں۔ آج پورے شہر کا انفرا اسٹرکچر تباہ حال ہے، سڑکیں خستہ حال اور پبلک ٹرانسپورٹ عملاً موجود نہیں، آدھے سے زیادہ شہر کے عوام کو پینے کا صاف پانی میسر نہیں، ترقیاتی منصوبے مکمل ہونے کے بجائے عوام کے لیے عذاب بنے ہوئے ہیں، یہ ہے بلاول بھٹو زرداری اور پیپلز پارٹی کی نام نہاد جمہوریت اور 18سالہ بدترین دور حکمرانی کا نتیجہ۔ منعم ظفر خان نے کہا کہ پیپلز پارٹی سندھ میں بلدیاتی انتخابات کرانے کے لیے تیار نہیں تھی

جماعت اسلامی نے بلدیاتی انتخابات اور کراچی میں با اختیار شہری حکومت کے قیام کے لیے بھر پور عوامی و جمہوری جدو جہد کی اور سندھ اسمبلی پر 29روزہ طویل دھرنا دیا اور پیپلز پارٹی کو بلدیاتی انتخابات کرانے پر مجبور کیا، بلدیاتی انتخابات میں اہل کراچی نے سب سے زیادہ ووٹ جماعت اسلامی کو دیے لیکن عوام کے حقیقی مینڈیٹ پر ڈاکا ڈالا گیا اور جماعت اسلامی کی میئر شپ پر قبضہ کیا گیا، عوامی رائے کو کچلنے اور جمہوریت کو تماشہ بنانے کے بعد اب بلاول بھٹو زرداری صرف اقتدار اور وسائل پر قابض رہنے کے لیے خون خرابے کی کھلم کھلا دھمکیاں دینے پر اتر آئے ہیں۔ بلاول ہوش کے ناخن لیں،عوام کو دھمکیاں دینا بند کریں

اپنا تبصرہ لکھیں