عدالتیں کھلی دھمکی کا نوٹس لیں گی؟

پاکستان بھر میں آبادی کے تناسب سے نئے انتظامی یونٹس قائم کیے جائیں، دھرتی ماں صرف پاکستان ہے، صوبے بھی ڈسٹرکٹ اور ڈویژن کی طرح انتظامی اکائیاں ہیں، ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی

سندھ کے ریونیو کا 97 فیصد کراچی باقی دیگر شہری سندھ سے حاصل ہوتا ہے، جو کما کر دیتا ہے اسے ہی اپنے وسائل خرچ کرنے کا اختیار ہونا چاہیے، شہری سندھ کے عوام کسی کے ہاری یا غلام نہیں، چیئرمین ایم کیو ایم پاکستان

جمہوریت اور جاگیردارانہ جمہوریت میں صدیوں کا فاصلہ ہے، ہم تصادم نہیں چاہتے، تاہم قانونی، عدالتی اور پارلیمانی محاذ پر جدوجہد جاری رکھیں گے، چیئرمین ایم کیوایم پاکستان

پورے ملک میں نئے صوبوں کے قیام کی بات ہو رہی ہے تو خونریزی کا خدشہ صرف شہری سندھ میں کیوں؟ کیا عدالتیں ایسی کھلی دھمکی کا نوٹس لیں گی؟ ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی

نئے صوبوں کے قیام پر خونریزی کی دھمکی دینے والے جان لیں کہ شہری سندھ کے عوام ماضی کی سانحات کی طرح اپنی حفاظت خود کر سکتے ہیں، ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی

متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے چیئرمین ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کی سینئر مرکزی رہنماؤں اور اراکین اسمبلی کے ہمراہ مرکز بہادرآباد میں اہم پریس کانفرنس

کراچی……….. متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے چیئرمین اور وفاقی وزیر برائے تعلیم ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ پاکستان بھر میں آبادی کے تناسب سے نئے صوبے اور انتظامی یونٹس قائم کرنے کی ضرورت ہے، دھرتی ماں صرف پاکستان ہے، جبکہ صوبے بھی ڈسٹرکٹ اور ڈویژن کی طرح انتظامی اکائیاں ہیں، نئے صوبوں کا قیام ایک سیاسی اور جمہوری معاملہ ہے جسے آئینی اور پارلیمانی طریقے سے حل ہونا چاہیے،

مرکز بہادرآباد میں سینئر مرکزی رہنماؤں امین الحق، وسیم اختر، قائد حزب اختلاف سندھ علی خورشیدی اور اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ سانحہ مشرقی پاکستان کے بعد ایک طلبہ تنظیم نے نئے صوبوں کے قیام کا مطالبہ کیا تھا، چونکہ ون یونٹ کے خاتمے کے بعد پاکستان میں موجودہ صوبے لسانی بنیادوں پر تشکیل دیے گئے، ایم کیو ایم کا واضح مؤقف ہے

کہ آبادی میں اضافے کے پیش نظر ملک بھر میں نئے صوبے اور انتظامی یونٹس بنائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کے شہری علاقوں نے برسوں پہلے جن مسائل اور مطالبات کی نشاندہی کی تھی، آج وہی آواز پورے ملک سے اٹھ رہی ہے، پاکستان کو ملت اسلامیہ کے لیے ایک ماڈل بننا تھا اور خطے کے مسلمان ممالک کی رہنمائی کرنی تھی بد انتظامی اور کرپٹ نظام کی وجہ سے آج ہم یہاں ہیں، نئے انتظامی یونٹس کے قیام پر ایوانوں اور میڈیا میں ہونے والی گفتگو کو سڑکوں پر لانے کی کوشش سندھ کے حکمرانوں کے فیصلے پر منحصر ہے

تاہم اس معاملے کو سیاسی اور جمہوری طریقے سے ہی آگے بڑھنا چاہیے، ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ جمہوریت اور جاگیردارانہ جمہوریت میں صدیوں کا فاصلہ ہے۔ پاکستان میں طویل عرصے سے جاگیردارانہ جمہوریت اور خاندانی حکمرانی کا نظام مسلط رہا ہے، جس ایوان میں کسان کی نمائندگی جاگیردار اور مزدور کی نمائندگی سرمایہ دار کرے، اسے حقیقی جمہوریت قرار نہیں دیا جا سکتا۔

جاگیردارانہ جمہوریت ظلم، ناانصافی اور جبر کے سہارے پروان چڑھتی ہے، انہوں نے کہا کہ سندھ کے شہری علاقوں میں 1970ء سے ہی تقسیم موجود ہے اور پیپلز پارٹی نے دیہی و شہری کوٹے کا نظام متعارف کرایا۔ 1970ء کے انتخابات میں پیپلز پارٹی نےمشرقی پاکستان میں انتخابات میں حصہ ہی لینا گوارا ہی نہیں کیا، چیئرمین ایم کیو ایم پاکستان نے کہا کہ جب پورے ملک میں نئے صوبوں کے قیام کی بات ہو رہی ہے تو خونریزی کا خدشہ صرف شہری سندھ کے معاملے میں کیوں ظاہر کیا جا رہا ہے؟ آپ تو کھلی دھمکیاں دے رہے ہیں۔

کیا عدالتیں ایسے معاملات پر ازخود نوٹس نہیں لے سکتیں؟ ہمیں معلوم ہے کہ آپ کو بے چینی کس بات کی ہے۔ سندھ کے ریونیو کا 97 فیصد کراچی اور باقی شہری سندھ سے حاصل ہوتا ہے، شہری سندھ کے عوام کسی کے ہاری یا غلام نہیں ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ قیام پاکستان سے پہلےسندھ کے 26 میونسپل اداروں میں 21 شھرہندوؤں کی اکثریت تھی، ہمارے پاس اس وطن کی زمین کی صورت میں آبادی کے تبادلے کی ایک تاریخی حقیقت موجود ہے۔ سندھ کے دیہی علاقوں سے منتخب ہو کر آپ بلوچستان، خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان کے حکمران کیسے بنے

، یہ بھی عوام جانتے ہیں، ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ آپ نے دھمکی دی ہے کہ سندھ کے عوام کی مرضی کے خلاف صوبے بنائے گئے تو خونریزی ہوگی۔ صدر مملکت نے 2008ء میں کراچی کی آبادی تین کروڑ بتائی تھی۔ اس وقت کے چیف جسٹس، کور کمانڈر اور اقوام متحدہ کے اداروں کے اعدادوشمار بھی اسی مؤقف کی تائید کرتے رہے ہیں۔ سندھ کی تقریباً 65 فیصد آبادی شہری علاقوں میں آباد ہے اور سندھ کے عوام کی اکثریت نئے انتظامی یونٹس کے قیام کی حامی ہے

، انہوں نے کہا کہ نئے صوبوں کے قیام کا وعدہ اور اس کا ارادہ آئین میں درج ہے، تاہم موجودہ طریقہ کار قابل عمل نہیں۔ آخر کون سا صوبہ اپنے اختیارات اور حیثیت میں تبدیلی کے لیے خود ہی قرارداد منظور کرے گا؟ ایم کیو ایم پاکستان پورے ملک میں آبادی کے تناسب سے نئے صوبوں کے قیام کا مطالبہ کر رہی ہے، جبکہ سندھ کے شہری علاقوں کا اس حوالے سے سب سے مضبوط مقدمہ ہے،

چیئرمین ایم کیو ایم پاکستان نے کہا کہ ہم بلاول کے مینڈیٹ کا احترام کرتے ہیں اور ان سے بات چیت کے لیے بھی تیار ہیں۔ ہم تصادم نہیں چاہتے، لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ اپنے حقوق سے دستبردار ہو جائیں گے۔ قانونی، عدالتی اور پارلیمانی محاذ پر ہماری جدوجہد جاری رہے گی صحافیوں کے سوالات کے جواب دیتے ہوئے ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ سندھ کے شہری علاقوں کے عوام اپنی حفاظت کرنا جانتے ہیں اور ماضی کے سانحات میں بھی جبر کا سامنا کر چکے ہیں۔ ہم اپنے حصے سے زیادہ قربانیاں دے چکے ہیں اور آئندہ بھی قربانی دینے سے دریغ نہیں کریں گے۔

ون یونٹ کا قیام کیا کسی ریفرنڈم کے ذریعے عمل میں آیا تھا؟ نام کے ساتھ سید لکھنے والوں کی پانچ ہزار سالہ تاریخ کا دعویٰ کیسے درست ہو سکتا ہے؟ پاکستان کی تاریخ 78 سال پرانی ہے، پانچ ہزار سال نہیں، انہوں نے کہا کہ کشور زہرا نے قومی اسمبلی میں قرارداد جمع کروائی ہے جس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ نئے صوبوں کے قیام کا اختیار صوبائی اسمبلیوں کے بجائے قومی اسمبلی کو ہونا چاہیے۔ یہ بل تاحال قائمہ کمیٹی میں موجود ہے، ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے واضح کیا کہ دھرتی ماں صرف پاکستان ہے اور چاروں صوبے اس کا حصہ ہیں۔ پاکستان کی تقسیم کی بات غداری ہے،

لیکن انتظامی بنیادوں پر صوبوں کی تشکیل یا تقسیم کو غداری قرار دینا اس سے بھی بڑی غلطی ہے، اس موقع پر سینئر مرکزی رہنما وسیم اختر، سید امین الحق، اراکین سی او سی سی شریف خان، ارشاد ظفیر، ارشد حسن، سینیٹر عامر چشتی، اراکین اسمبلی احمد سلیم صدیقی، اظہار الحسن، صبیحہ غوری، قائد حزب اختلاف سندھ اسمبلی علی خورشیدی، افتخار عالم اور دیگر مرکزی ذمہ داران بھی موجود تھے

اپنا تبصرہ لکھیں