فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر فاروق ستار مبارکباد

ڈاکٹر فاروق ستار کی جنرل عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی پر مبارکباد، قومی دفاع اور بھارتی جارحیت کے خلاف جرات مندانہ کردار کو خراج تحسین

کراچی …… ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر مرکزی رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کے بلند ترین فوجی عہدے پر ترقی پانے پر دلی مبارکباد پیش کی ہے۔ اپنے بیان میں ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ جنرل عاصم منیر نے جس بصیرت، تدبر اور قومی جذبے سے پاکستان کی قیادت کی، وہ تاریخ میں سنہری حروف سے لکھے جانے کے قابل ہے۔

ان کی عسکری حکمت عملی نے نہ صرف دشمن کی سازشوں کو ناکام بنایا بلکہ بھارت کو ہر محاذ پر پسپا ہونے پر مجبور کیا۔ انہوں نے کہا کہ جنرل عاصم منیر کی قیادت میں افواجِ پاکستان نے جس پیشہ ورانہ مہارت، نظم و ضبط اور عزم کا مظاہرہ کیا، وہ پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہے۔ اعصابی جنگ کے میدان میں ان کی دانشمندانہ حکمت عملی نے عالمی سطح پر پاکستان کا وقار مزید بلند کیا۔

ڈاکٹر فاروق ستار نے مزید کہا کہ فیلڈ مارشل کا عہدہ صرف ایک فوجی رینک نہیں بلکہ یہ ایک نظریہ، قربانی، اور بے مثال قیادت کی علامت ہے۔ اُنہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ جنرل عاصم منیر کی سربراہی میں پاکستان مزید مضبوط، مستحکم اور متحد ہوگا۔ اُنہوں نے کہا کہ پوری قوم کو اپنے سپہ سالار پر فخر ہے، اور یہ ترقی اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان دشمنوں کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر کھڑا ہے

اپنا تبصرہ لکھیں