عوام کراچی کی فتح ، سیف الدین ایڈوکیٹ

رہائشی پلاٹوں پر کمرشل استعمال کی اجازت کا نوٹیفیکیشن واپس لینا کراچی کے عوام کی فتح ہے، سیف الدین ایڈوکیٹ
عدالتی حکم نامے کے بعد 13مارچ سے 15مئی کے دوران دی گئی تمام این او سی اورتبدیلی فوری کالعدم قراردی جائیں،اپوزیشن لیدر کے ایم سی
سندھ ہائی کورٹ میں نوٹیفکیشن کے خلاف سماعت، ایس بی سی اے کا ٹیفیکیشن کو واپس لینے پر مختصر حکم نامے کے بعد سماعت نمٹا دی گئی

کراچی( ) اپوزیشن لیڈرکے ایم سی و نائب امیر جماعت اسلامی کراچی سیف الدین ایڈوکیٹ اور جماعت اسلامی کے 9ٹاؤن چیئرمینوں کی جانب سے کراچی میں رہائشی پلاٹوں پر تجارتی سرگرمیوں کی اجازت دینے کے ایس بی سی اے کے نوٹیفیکیشن کے خلاف سندھ ہائی کورٹ میں دائر درخواست کی سماعت ہوئی جس میں ایس بی سی اے کی جانب سے تجارتی سرگرمیوں کی اجازت کے نوٹیفیکیشن کو واپس لینے پر عدالت نے مختصر حکم نامے کے بعد سماعت نمٹا دی۔

درخواست کی سماعت قائم مقام چیف جسٹس کی سربراہی میں ہوئی، واضح رہے کہ ایس بی سی اے کے ڈائریکٹر جنرل اسحاق کھوڑو نے 13مارچ کو کراچی بھر میں تمام پلاٹوں اور رہائشی جگہوں پر تجارتی سرگرمیوں کی اجازت دینے کا نوٹیفیکیشن جاری کیا تھا‘جسے اپوزیشن لیڈر کے ایم سی سیف الدین ایڈوکیٹ اور جماعت اسلامی کے 9ٹاؤن چیئر مینوں نے سندھ ہائی کورٹ میں چیلنج کر دیا تھا جس کی سماعت جمعرات کو ہوئی۔ دریں اثناء اپوزیشن لیڈر کے ایم سی سیف الدین ایڈوکیٹ نے اس حوالے سے اپنے ردعمل میں کہا ہے

کہ ایس بی سی اے کا نوٹیفکیشن واپس لینا کراچی کے عوام کی فتح ہے،کچھ لوگوں کے ذاتی فائدے کے لئے شہر کی تباہی کا سامان کیا گیا،13مارچ سے 15مئی کے دوران کراچی میں جتنی جگہوں کے لیے این او سی دی گئیں ہیں اورتبدیلی کی گئیں ہیں ا نہیں فوری طور پر کالعدم قراردیا جائے،اطلاعات کے مطابق ریگولیشن میں ترمیم ذاتی مفاد ات کے حصول کے لیے کی گئی تھی،ڈی جی نے ذاتی طور پر ریگولیشن میں ترمیم کی اس لیے ان کے خلاف قانونی کارروائی ہونی چاہیے

کیونکہ ان کے ایک فیصلے سے کراچی کا پورا ماسٹر پلان خراب ہوجاتا،رہائشی علاقوں کو کمرشل استعمال کی اجازت دے کر شہر کو تباہ کرنے کی سازش کی گئی،جماعت اسلامی نے اس ترمیم کے خلاف بروقت نوٹس لیا،جماعت اسلامی کی آئینی جدوجہد رنگ لائی،عدالت کا فیصلہ کراچی کے عوام کے حق میں آیا، کراچی ملک کا سب سے بڑا شہر ہے اس شہر کا نقشہ مسخ کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی،غیر قانونی کمرشل سرگرمیوں کے خلاف جدوجہد جاری رہے گی،شہر کے ماسٹر پلان کو مسخ کرنے کی سازش کے ذمہ داروں کے خلاف کاروائی ہونی چاہیئے

اپنا تبصرہ لکھیں