کے الیکٹرک کی جانب سے شہر بھر میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ پر ایم کیو ایم پاکستان کا اظہار تشویش
ملک کی مہنگی ترین بجلی استعمال کرنے والے شہریوں کیلئے بجلی کی لوڈشیڈنگ سمجھ سے بالاتر ہے، ترجمان ایم کیو ایم پاکستان
کراچی……. متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے ترجمان نے بہادرآباد مرکز سے جاری بیان میں کے الیکٹرک کی جانب سے شہر بھر میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ تشویش کا اظہار کا ہے، ترجمان کا کہنا تھا کہ ملک کی مہنگی ترین بجلی استعمال کرنے والے شہریوں کیلئے بجلی کی لوڈشیڈنگ سمجھ سے بالاتر ہے، نااہل کے الیکٹرک انتظامیہ کی جانب سے کراچی کے بیشتر علاقوں میں بجلی کی طویل دورانیہ اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ معمول بن چکی ہے اور شدید گرمی کے موسم میں بجلی کی بندش شہریوں کو ذہنی اذیت میں مبتلا کر رہی ہے،
ترجمان نے متنبہ کیا کہ گرمی کی لہر میں بچوں، ضعیف العمر اور مریضوں کیلئے بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ جان لیوا ثابت ہوسکتی ہے جس کی ذمہ دار کے الیکڑک انتظامیہ ہوگی، کراچی کے شہری ہر ماہ بھاری اور ناجائز بلوں کی ادائیگی کے باوجود بجلی کی سہولت سے محروم ہیں، کراچی کے شہریوں کی بدولت ہی کے الیکٹرک اور اُس جیسے دیگر ادارے چلتے اور پلتے ہیں، کراچی میں کاروبار کرنے والے ادارے منافع خوری کی چمک میں اندھے ہوکر انسانیت بھول چکے ہیں،
کراچی کے شہریوں کو کے الیکٹرک جیسے نااہل ادارے کے رحم و کرم پر چھوڑدینا کراچی دشمنی ہے، ترجمان نے مطالبہ کیا کہ وفاقی وزیر توانائی کے الیکٹرک کی جانب سے بجلی کی غیر اعلانیہ اور طویل مدت لوڈشیڈنگ پر ایکشن لیں اور کراچی کے شہریوں کو ریلیف فراہم کریں