مہنگائی،صارفین شدید مشکلات کا شکار

تمام متعلقہ ادارے مارکیٹوں کی نگرانی کریں تاکہ ناجائز منافع خوری اور مصنوعی مہنگائی کو روکا جا سکے

کراچی……. چیئرمین کنزیومرز ایسوسی ایشن آف پاکستان کوکب اقبال نے وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف کی جانب سے ڈیزل اور پیٹرول کی قیمتوں میں کمی کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ فیصلہ ملک بھر کے صارفین کے لیے ایک اہم ریلیف ثابت ہوگا۔

کوکب اقبال نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا براہ راست اثر روزمرہ استعمال کی اشیاء، ٹرانسپورٹ کرایوں اور بنیادی ضروریات کی قیمتوں پر پڑنا چاہیے تاکہ عام عوام کو حقیقی فائدہ پہنچ سکے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت اس بات کو یقینی بنائے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے ثمرات فوری طور پر عوام تک منتقل ہوں اور اشیائے خورونوش، دودھ، سبزیوں، پھلوں اور دیگر ضروری اشیاء کی قیمتوں میں واضح کمی کی جائے۔

چیئرمین کنزیومرز ایسوسی ایشن آف پاکستان نے کہا کہ ملک میں مہنگائی کے باعث صارفین شدید مشکلات کا شکار ہیں، اس لیے تمام متعلقہ ادارے مارکیٹوں کی نگرانی کریں تاکہ ناجائز منافع خوری اور مصنوعی مہنگائی کو روکا جا سکے۔

کوکب اقبال نے وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ حکومت آئندہ بھی عوامی ریلیف کے ایسے فیصلے جاری رکھے گی تاکہ صارفین کو زیادہ سے زیادہ سہولت اور معاشی تحفظ فراہم کیا جا سکے

اپنا تبصرہ لکھیں