کوکب اقبال کا فوری کارروائی کا مطالبہ

کنزیومرز ایسوسی ایشن آف پاکستان (کیپ) نے کراچی میں پانی کی فراہمی کے مسلسل بحران، دھابیجی پمپنگ اسٹیشن میں بار بار پیدا ہونے والی فنی خرابیوں اور بجلی کی فراہمی میں تعطل کے باعث شہریوں کو درپیش مشکلات پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔

تنظیم نے متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ صورتحال کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ہنگامی اور طویل المدتی اقدامات کریں تاکہ شہریوں کو بنیادی ضرورت یعنی صاف اور مسلسل پانی کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔

کراچی میں پانی کا بحران سنگین، دھابیجی پمپنگ اسٹیشن کی بار بار خرابیوں اور بجلی بندش پر کوکب اقبال کا فوری کارروائی کا مطالبہ

کراچی ……. چیئرمین کنزیومرز ایسوسی ایشن آف پاکستان (کیپ) کوکب اقبال نے دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر ایک بار پھر بجلی کی فراہمی معطل ہونے کے باعث کراچی کے مختلف علاقوں میں پانی کی سپلائی متاثر ہونے پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ انتہائی افسوسناک امر ہے کہ گزشتہ ایک ماہ کے دوران دھابیجی پمپنگ اسٹیشن اور اس سے متعلقہ نظام میں تین سے چار مرتبہ فنی خرابیوں، پانی کی لائنوں کو نقصان پہنچنے اور بجلی کی فراہمی میں تعطل کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ اس صورتحال سے یہ تاثر ملتا ہے کہ متعلقہ ادارے مستقل اور پائیدار حل تلاش کرنے میں ناکام رہے ہیں۔

کوکب اقبال نے صوبائی وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ سے مطالبہ کیا کہ وہ ان بار بار پیش آنے والے واقعات کی اعلیٰ سطحی انکوائری کروائیں اور متعلقہ افسران کو ہدایت دیں کہ کراچی کے متاثرہ علاقوں، خصوصاً نارتھ ناظم آباد اور اس سے ملحقہ علاقوں کو پانی کی مسلسل اور بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ شدید گرمی کے موسم میں کراچی کے شہری پہلے ہی بجلی کی لوڈشیڈنگ اور دیگر مسائل کا سامنا کر رہے ہیں، جبکہ پانی کی فراہمی میں تعطل نے عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔ شہری بنیادی سہولیات سے محروم ہو رہے ہیں جو کسی بھی صورت قابل قبول نہیں۔

چیئرمین کنزیومرز ایسوسی ایشن آف پاکستان نے کے الیکٹرک کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سے بھی اپیل کی کہ وہ متعلقہ تکنیکی عملے کو ہدایت دیں کہ مرمتی کام کو مزید تاخیر کے بغیر جلد از جلد مکمل کیا جائے تاکہ کراچی کے عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے اور پانی کی فراہمی کا نظام فوری طور پر بحال ہو سکے۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ تمام متعلقہ ادارے اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے ادا کرتے ہوئے شہریوں کے مسائل کے مستقل حل کے لیے عملی اقدامات کریں گے۔

اپنا تبصرہ لکھیں