واٹر کارپوریشن ہیڈ آفس کے باہر ملازمین کا دھرنا اور بھوک ہڑتال، نجکاری اور ٹھیکیداری نظام کے خلاف یونینز متحد
مطالبات کی منظوری تک احتجاج جاری رہے گا، لیبر فرنٹ کا اعلان؛ میڈیکل سہولیات فوری بحال کی جائیں، محسن رضا
مظاہرے میں متحدہ ورکرز سی بی اے کے چیئرمین ارشاد خان، آبکار ورکرز یونین کے صدر ذوالفقار قریشی، نائب صدر سہیل صدیقی، پیپلز لیبر یونین کے چیئرمین محسن رضا، صدر معشوق لغاری اور مزدور یونین کے مرکزی رہنما اکبر یوسفی اپنے سینکڑوں ساتھیوں کے ہمراہ شریک ہوئے
کراچی ……….. کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن میں ملازمین کے حقوق کی پامالی اور مبینہ انتظامی زیادتیوں کے خلاف احتجاجی تحریک میں شدت آ گئی ہے۔ لیبر فرنٹ کراچی واٹر کارپوریشن کے چیئرمین ارشاد کامی، صدر جنید صدیقی اور جنرل سیکریٹری عبدالقیوم کی قیادت میں سی ای او اور ایم ڈی کے اقدامات کے خلاف ہیڈ آفس کے باہر علامتی بھوک ہڑتال اور دھرنا دیا گیا۔ اس موقع پر واٹر بورڈ کی مختلف مزدور تنظیموں اور یونینز کے رہنماؤں نے دھرنے میں بھرپور شرکت کی اور ملازمین کے مطالبات کی غیر مشروط حمایت کا اعلان کیا۔

ملازمین یکجہتی کے اس مظاہرے میں متحدہ ورکرز سی بی اے کے چیئرمین ارشاد خان، آبکار ورکرز یونین کے صدر ذوالفقار قریشی، نائب صدر سہیل صدیقی، پیپلز لیبر یونین کے چیئرمین محسن رضا، صدر معشوق لغاری اور مزدور یونین کے مرکزی رہنما اکبر یوسفی اپنے سینکڑوں ساتھیوں کے ہمراہ شریک ہوئے۔
مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے یونین رہنماؤں کا کہنا تھا کہ جب تک ملازمین کے جائز اور قانونی مطالبات تسلیم نہیں کیے جاتے، احتجاج کا دائرہ کار وسیع اور بھوک ہڑتال کا سلسلہ جاری رہے گا۔ انہوں نے انتظامیہ کو متنبہ کیا کہ ملازمین کے حقوق پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
ملازمین کی میڈیکل سہولیات کو فوری طور پر سابقہ حالت پر بحال کیا جائے۔
آر جی سے ٹھیکیداری نظام کو فی الفور ختم کیا جائے
ملازمین کے بچوں کو نئی بھرتیوں میں پہلی ترجیح دی جائے
ادارے میں جاری نجکاری کے عمل کو فوری طور پر روکا جائے
مقررین نے موجودہ سی ای او اور ایم ڈی واٹر کارپوریشن کو ہٹانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر یہ ظالمانہ پالیسیاں واپس نہ لی گئیں تو احتجاجی تحریک کو مزید تیز کر دیا جائے گا۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ تمام یونینز اور لیبر فرنٹ ملازمین کے حقوق کے تحفظ کے لیے ایک پیج پر ہیں اور کسی بھی دباؤ کے سامنے پیچھے نہیں ہٹیں گے