چیئرمین ناظم آباد ٹاؤن سید محمد مظفر کی میونسپل کمشنر عزیز الرحمن تنیو کے ہمراہ سرکاری اسکولوں کے لیے نئے کورسز کی تقسیم
ٹاؤن میونسپل کارپوریشن ناظم آباد کی جانب سے یونین کمیٹی نمبر 05، راشد منہا س ایجوکیشنل کمپلیکس میں ایک خصوصی پروگرام کا انعقاد
تعلیم کسی بھی قوم کی ترقی کی بنیاد ہے اور بچوں کو معیاری تعلیم کی فراہمی ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے:سید محمد مظفر
ٹاؤن میونسپل کارپوریشن ناظم آباد کی جانب سے سرکاری اسکولوں کے لیے یہ اقدام قابلِ تحسین ہے:عزیز الرحمن تنیو
کراچی……… ٹاؤن میونسپل کارپوریشن ناظم آباد کی جانب سے یونین کمیٹی نمبر 05، راشد منہا س ایجوکیشنل کمپلیکس میں ایک خصوصی پروگرام کا انعقاد کیا گیا، جس میں چیئرمین ناظم آباد ٹاؤن سید محمد مظفر نے میونسپل کمشنر عزیز الرحمن تنیو کے ہمراہ ناظم آباد کے تمام سرکاری اسکولوں کے ہیڈ ماسٹرز میں نئے تعلیمی کورسز تقسیم کیے۔ یہ کورسز متعلقہ اسکولوں کے طلبہ کو فراہم کیے جائیں گے تاکہ انہیں بروقت اور معیاری تعلیمی سہولیات میسر آ سکیں۔تقریب میں ناظم آباد ٹاؤن کے تمام سرکاری اسکولوں کے ہیڈ ماسٹرز، ڈائریکٹرز، ڈپٹی ڈائریکٹرز اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اس موقع پر شرکاء نے تعلیم کے فروغ اور سرکاری اسکولوں میں سہولیات کی بہتری کے لیے ٹاؤن میونسپل کارپوریشن ناظم آباد کے اقدامات کو سراہا۔
چیئرمین ناظم آباد ٹاؤن سید محمد مظفر نے کہا کہ تعلیم کسی بھی قوم کی ترقی کی بنیاد ہے اور بچوں کو معیاری تعلیم کی فراہمی ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ ناظم آباد ٹاؤن کے سرکاری اسکولوں میں تعلیمی معیار کو مزید بہتر بنانے اور طلبہ کو جدید تعلیمی سہولیات فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ نئے کورسز کی تقسیم اسی عزم کا حصہ ہے تاکہ بچوں کو تعلیمی سفر میں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔انہوں نے مزید کہا کہ اساتذہ قوم کے معمار ہیں اور ان کی محنت و لگن سے ہی ایک بہتر معاشرے کی تشکیل ممکن ہے۔ ٹاؤن میونسپل کارپوریشن ناظم آباد تعلیم کے شعبے میں مزید اقدامات جاری رکھے گی تاکہ طلبہ کو بہترین تعلیمی ماحول فراہم کیا جا سکے۔

میونسپل کمشنر عزیز الرحمن تنیو نے کہا کہ طلبہ کو بروقت نصابی کتب اور کورسز کی فراہمی نہایت اہم ہے، کیونکہ یہ تعلیمی معیار کو برقرار رکھنے میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔ ٹاؤن میونسپل کارپوریشن ناظم آباد کی جانب سے سرکاری اسکولوں کے لیے یہ اقدام قابلِ تحسین ہے، جس سے ہزاروں طلبہ مستفید ہوں گے۔