سڑکوں پر پانی بہانے والوں کیخلاف قانونی کارروائی اور نوٹس جاری کرنے کا فیصلہ
گلشنِ اقبال ٹاؤن کی تمام یونین کمیٹیوں میں عید کے تینوں دن آلائشیں اٹھانے، چونے کا چھڑکاؤ اور صفائی ستھرائی کے مؤثر انتظامات
گلشنِ اقبال ٹاؤن کے منتخب نمائندے عیدالاضحیٰ صفائی آپریشن کی مسلسل نگرانی کریں گے
چیئرمین گلشن اقبال ٹاؤن ڈاکٹر فواد احمد کی زیر صدارت کونسل کا 16واں اجلاس
سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کی عیدالاضحیٰ صفائی آپریشن پر بریفنگ
معرکۂ حق پاک افواج کو خراجِ تحسین کی قرارداد منظور, خطے میں امن و استحکام کیلئے پاکستان کے سفارتی کردار کو سراہا گیا
کراچی …… گلشنِ اقبال ٹاؤن کی تمام یونین کمیٹیوں میں عیدالاضحیٰ کے تینوں دن آلائشیں اٹھانے، بروقت ٹھکانے لگانے، چونے کے چھڑکاؤ اور صفائی ستھرائی کے مؤثر انتظامات کیے جائیں گے ۔ گلشنِ اقبال ٹاؤن کونسل کا 16واں اجلاس چیئرمین ڈاکٹر فواد احمد کی زیر صدارت ہوا۔ اجلاس میں اراکینِ کونسل، ٹاؤن افسران اور متعلقہ اداروں کے نمائندگان نے شرکت کی۔
اجلاس میں اتفاقِ رائے سے تین قراردادیں منظور کی گئیں، جن میں معرکۂ حق میں پاکستانی افواج کی پیشہ ورانہ خدمات، جرات اور قومی سلامتی کیلئے قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرنے کی قرارداد شامل تھی۔ اس کے علاوہ خطے میں امن و استحکام کے قیام کیلئے پاکستان کے سفارتی کردار کو بھی سراہا گیا۔
اجلاس کے دوران سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے افسران نے عیدالاضحیٰ صفائی آپریشن کے حوالے سے ایوان کو تفصیلی بریفنگ دی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ گلشنِ اقبال ٹاؤن کی تمام یونین کمیٹیوں میں عید کے تینوں دن آلائشیں اٹھانے، بروقت ٹھکانے لگانے، چونے کے چھڑکاؤ اور صفائی ستھرائی کے مؤثر انتظامات کیلئے افرادی و مشینی وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

چیئرمین ڈاکٹر فواد احمد نے اس موقع پر کہا کہ صفائی ستھرائی شہری سہولیات کی فراہمی کا بنیادی جز ہے۔ انہوں نے کہا کہ صفائی کی ذمہ داری سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے پاس ہے، تاہم گلشنِ اقبال ٹاؤن کے منتخب نمائندے عیدالاضحیٰ صفائی آپریشن کی مسلسل نگرانی کریں گے تاکہ عوام کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے گزشتہ برسوں میں سندھ سالڈ ویسٹ بورڈ کی کارکردگی کو بھی سراہا۔
اجلاس میں سڑکوں پر پانی کے اخراج کی روک تھام کیلئے نوٹسز جاری کرنے اور قانونی کارروائی عمل میں لانے سے متعلق اقدامات کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ڈاکٹر فواد احمد نے کہا کہ سڑکوں پر پانی بہانے سے نو تعمیر شدہ سڑکوں کو بھی نقصان پہنچا ۔اجلاس کے اختتام پر میونسپل کمشنر جاوید الرحمن کلوڑ کے سسر اور ماموں کے انتقال پر اظہارِ تعزیت کیا گیا اور مرحومین کیلئے دعائے مغفرت کی گئی