یونیورسٹی روڈ کا منصوبہ جس کے مکمل ہونے کی امیدیں دم توڑتی جارہی تھیں وہ اب جاگ چکی ہیں
دو سے تین ہفتوں میں کام کی رفتار میں تیزی دیکھنے میں آرہی ہے
اچانک ترقیاتی منصوبوں میں تیزی کا آجانا شہر اور شہریوں کیلئے اچھی خبر ہے
کراچی (سیدمحبوب احمدچشتی) سندھ حکومت اور بلدیہ عظمیٰ کراچی کی جانب سے جاری ترقیاتی کاموں کی رفتار میں تیزی کو مختلف حلقوں میں سراہایا جارہا ہے اور امید ظاہر کی جارہی ہے کہ یونیورسٹی روڈ کا منصوبہ جس کے مکمل ہونے کی امیدیں دم توڑتی جارہی تھیں وہ اب جاگ چکی ہیں کیونکہ تقریبا دو سے تین ہفتوں میں کام کی رفتار میں تیزی دیکھنے میں آرہی ہے جبکہ وزیراعلی سندھ بھی ہر ہفتے کام کی رفتار کا معائنہ کر رہے ہیں اسی طرح منور چورنگی انڈر ہاس جوکہ یونیورسٹی روڈ منصوبے کی طرح سست رفتاری کا شکار تھا اس میں بھی تیزی آچکی ہے
سب سے اہم ترقیاتی کام شاہ فیصل کالونی میں اوور ہیڈ برج کی تعمیر کا منصوبہ بہت تیزی سے سر انجام دیا جارہا ہے جسے خوش آئند قرار دینے کے ساتھ کہا جارہا ہے کہ اچانک ترقیاتی منصوبوں میں تیزی کا آجانا شہر اور شہریوں کیلئے اچھی خبر ہے اور ایسا دکھائی دے رہا ہے کہ کراچی پر کسی کی نظر کرم پڑ چکی ہے ورنہ عرصہ دراز سے یونیورسٹی روڈ پر بی آر ٹی منصوبے کی تکمیل نہ ہونے سے شہری امید چھوڑتے جارہے تھے اور ان کے دلوں میں یہ بیٹھ چکی تھی کہ اب کراچی کا کوئی پرسان حال نہیں ہے یونیورسٹی روڈ ،شاہراہ فیصل کے بعد کراچی کی طویل شاہراہ ہے جسے یکسر نظر انداز کیا جانا معمولی بات نہیں ہے
ایک اندازے کے مطابق جب یہ شاہراہ رواں دواں تھی تو روزانہ ایک لاکھ گاڑیوں کا اس شاہراہ سے گزر ہوتا تھا لیکن ب سے بی آر ٹی پروجیکٹ تعطل در تعطل کا شکار ہوتا رہا تو اس شاہراہ پر اسوقت بمشکل دس سے بیس ہزار گاڑیاں گزر رہی ہیں اور وہ بھی وہ گاڑیاں ہیں جن کی مجبوری ہے کہ انہیں یونیورسٹی روڈ پر آنا ضروری ہے .شہریوں کا کہنا ہے کہ یہ اچھی علامت ہے کہ جاری ترقیاتی کاموں میں تیزی لائی گئی ہے انہوں نے اعلی حکام سے گزارش کی ہے کہ اب بلدیہ عظمی کراچی کو کراچی کی سڑکوں کے نیٹ ورک کو درست کرنے کیلئے فنڈ فراہم کیا جارہا ہے جسے فوری طور پر استعمال میں لاکر شہریوں کو ذہنی اذیت سے نجات دلائی جائے