برانڈڈ شاپنگ بیگز کے نام پر صارفین سے اضافی رقم وصول کرنا ناانصافی ہے، سی سی پی فوری کارروائی کرے: کو کب اقبال
کراچی ….. … چیئرمین کنزیومرز ایسوسی ایشن آف پاکستان (کیپ) کو کب اقبال نے عبدالسلام دادا بھائی، سینئر وائس چیئرمین کیپ کے ہمراہ کیپ ہیڈ آفس میں پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ بڑے کپڑوں، جوتوں اور دیگر معروف برانڈز کی جانب سے شاپنگ بیگز کے نام پر صارفین سے الگ رقم وصول کرنا غیر منصفانہ، استحصالی اور فوری طور پر بند کیا جانا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ صارفین پہلے ہی برانڈڈ مصنوعات مہنگی قیمتوں پر خریدتے ہیں، اس کے باوجود ان سے ایسے بیگز کی قیمت بھی وصول کی جاتی ہے جن پر متعلقہ کمپنیوں کا لوگو، نام اور تشہیری مواد درج ہوتا ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ صارفین سے ان چیزوں کی قیمت لی جا رہی ہے جو دراصل برانڈز کی تشہیر کا ذریعہ بھی ہیں، جو کسی صورت درست نہیں۔
کوکب اقبال نے کہا کہ صارفین دکانوں پر سامان خریدنے جاتے ہیں، الگ سے بیگ خریدنے نہیں جاتے۔ خریدی گئی اشیاء کی مناسب پیکنگ اور بیگ فراہم کرنا دکاندار اور برانڈ کی ذمہ داری ہے۔ کمپنی کے لوگو والے بیگز کی قیمت وصول کرنا صارفین سے دوہرا فائدہ اٹھانے کے مترادف ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ عمل صارفین کے حقوق، شفاف کاروباری اصولوں اور منصفانہ تجارتی ضوابط کے خلاف ہے۔ مہنگائی کے موجودہ دور میں جب عوام پہلے ہی شدید مالی دباؤ کا شکار ہیں، ایسے اضافی چارجز ہرگز قابل قبول نہیں۔
چیئرمین کیپ نے بتایا کہ اس سلسلے میں چیئرمین کمپیٹیشن کمیشن آف پاکستان (کیپ) کو باقاعدہ خط ارسال کر دیا گیا ہے، جس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ اس معاملے کی تحقیقات کی جائیں اور بڑے برانڈز کو ہدایت دی جائے کہ یا تو شاپنگ بیگز مفت فراہم کریں یا سادہ بیگز اصل لاگت پر اختیاری بنیادوں پر دیں۔
انہوں نے کہا کہ صارفین کو مصنوعات خریدنے کے بعد برانڈز کی تشہیر کا خرچ برداشت کرنے پر مجبور نہیں کیا جا سکتا۔ سی سی پی کو چاہیے کہ اس غیر منصفانہ عمل کے خاتمے کے لیے فوری اور سخت اقدامات کرے۔
کوکب اقبال نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ کنزیومرز ایسوسی ایشن آف پاکستان صارفین کے حقوق کے تحفظ کے لیے ہر سطح پر اپنی آواز بلند کرتی رہے گی