کے ڈی اے میں کڑا احتساب شروع
ممبر ایڈمنسٹریشن شیخ فرید بڑے فیصلے، سخت احکامات
دوستی مالی مفادات کے اصولوں کے تحت آؤ مل کرکھاتے ہیں پلان کو ممبر ایڈمنسٹریشن شیخ فرید نے بریک لگادیئے
افسران کو ملنے والی مفت پیٹرول کی سہولت فوری طور پر بنداب کسی کو کوئی نیا فیول انڈنٹ جاری نہیں ہوگا
اسسٹنٹ سیکریٹری جنرل ادارہ ترقیات کراچی کو ہدایت تمام گاڑیوں کی واپسی کو یقینی بنائیں،مقررہ مدت پر تفصیلی عملدرآمد رپورٹ مجاز اتھارٹی کو پیش کریں
کراچی(رپورٹ: سیدمحبوب احمدچشتی) انتظامی امور کو مؤثر بنانے اور سرکاری ا ثاثوں کے محتاط استعمال کو یقینی بنانے کی کوششوں کے تحت ادارہ ترقیات کراچی (کے ڈی اے) نے فوری عملدرآمد کے لیے اہم ہدایات جاری کر دی ہیں۔
ممبر ایڈمنسٹریشن شیخ فرید کی جانب سے جاری کردہ احکامات بی پی ایس 16 اور بی پی ایس 17 میں خدمات انجام دینے والے افسران کے لیے فیول سہولت فوری طور پر واپس لے لی گئی ہے۔آئندہ بی پی ایس 16 اور بی پی ایس 17 گریڈز کے افسران کے لیے کسی قسم کے فیول انڈنٹس بھی منظور نہیں کیے جائیں گے۔
اس کے علاوہ، بی پی ایس 16 اور بی پی ایس 17 کے افسران کے زیرِ استعمال تمام سرکاری گاڑیاں بھی واپس لے لی گئی ہیں۔ متعلقہ افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ احکامات کے اجرا کے دو (02) دن کے اندر گاڑیاں سوک سینٹر کے احاطے میں کھڑی کر کے ان کی چابیاں اسسٹنٹ سیکریٹری، کے ڈی اے کے حوالے کریں۔
واضح طور پر ہدایت کی گئی ہے کہ گاڑیوں کی حوالگی میں کسی بھی قسم کی غفلت یا تاخیر کو سرکاری نظم و ضبط کی خلاف ورزی تصور کیا جائے گا اور اس ضمن میں متعلقہ ایفیشنسی اینڈ ڈسپلن (ای اینڈ ڈی) قواعد کے تحت سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
اسسٹنٹ سیکریٹری جنرل ادارہ ترقیات کراچی کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ تمام گاڑیوں کی واپسی کو یقینی بنائیں اور مقررہ مدت مکمل ہونے پر تفصیلی عملدرآمد رپورٹ مجاز اتھارٹی کو پیش کریں اقدامات کے ڈی اے کی شفافیت، جوابدہی اور وسائل کے مؤثر انتظام کوبہتر بنانے لیئے ایک اچھا قدم ہے