وفاقی وزیر صحت سید مصطفیٰ کمال نے اپنی بیٹی کو سرویکل کینسر ویکسین لگوا کر اعلیٰ مثال قائم کر دی
پاکستان میں سرویکل کینسر سے بچاؤ کی ویکسینیشن مہم کا باضابطہ آغاز
ویکسین کے حوالے سے گمراہ کن پروپیگنڈے کو مسترد کریں، مصطفیٰ کمال کی اپیل
کراچی۔۔۔ ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر مرکزی رہنما و وفاقی وزیر صحت سید مصطفیٰ کمال نے پاکستان میں سرویکل کینسر سے بچاؤ کے لیے قومی ویکسینیشن مہم کا آغاز کر دیا ہے، تاکہ قوم کی بیٹیاں ایک موذی مرض سے محفوظ رہ سکیں۔ کراچی میں ڈریپ آفس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر صحت نے اپنی اکلوتی بیٹی رجا کمال کو میڈیا کے سامنے ویکسین لگوا کر مہم کا افتتاح کیا۔
اس موقع پر انہوں نے کہا کہ “جس طرح میری بیٹی مجھے عزیز ہے، مجھے قوم کی ساری بیٹیاں عزیز ہیں۔ میں نے اپنی بیٹی کو میڈیا کے سامنے ویکسین لگوا کر پیغام دیا ہے کہ اس حوالے سے گمراہ کن پروپیگنڈے پر کان نہ دھریں۔” سید مصطفیٰ کمال نے کہا کہ دنیا بھر میں 2006 سے یہ ویکسین موجود ہے اور اب پاکستان میں بھی عوام کے لیے یہ سہولت فراہم کی گئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اسپتال بنا کر قوم کو مریض بنانے سے مسئلہ حل نہیں ہوگا، ہمیں بطور قوم بیماریوں سے پہلے ہی بچاؤ کے لیے اقدامات کرنا ہوں گے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں ہر سال تقریباً 25 ہزار خواتین سرویکل کینسر کا شکار ہو رہی ہیں
جبکہ گیارہ ہزار مائیں دورانِ حمل جاں بحق ہو جاتی ہیں۔ “کینسر ایسا موذی مرض ہے جو پورے گھر کو متاثر کر دیتا ہے، اس لیے تکلیف سے گزرنے کے بجائے خود کو بروقت محفوظ کر لینا ہی دانشمندی ہے۔” وفاقی وزیر صحت نے میڈیا کی مثبت مہم کو سراہا اور عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنی بیٹیوں اور بہنوں کو یہ ویکسین ضرور لگوائیں تاکہ مستقبل میں بیماری سے بچاؤ ممکن بنایا جا سکے