ماہی گیروں کا مطالبہ: فشرمین کوآپریٹو سوسائٹی کا چیئرمین عزیز داد جت کو بنایا جائے، سندھ حکومت سے اپیل
کراچی رپورٹ: کراچی کی ساحلی پٹی، مبارک ولیج سے لے کر لیٹ بستی، لٹ بستی، ٹھٹہ، سجاول اور بدن تک کے ماہی گیروں نے سندھ حکومت سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ فشرمین کوآپریٹو سوسائٹی (FCS) کے چیئرمین کے طور پر سینئر ماہی گیر رہنما عزیز داد جت کو مقرر کیا جائے۔
ماہی گیروں کا کہنا ہے کہ عزیز داد جت ایک نڈر، مخلص اور عوامی نمائندہ شخصیت ہیں، جنہوں نے ہمیشہ ماہی گیر برادری کے مسائل کو اجاگر کیا اور ان کے حقوق کے لیے آواز بلند کی۔ ان کی قیادت میں فشرمین کوآپریٹو سوسائٹی کو شفافیت، دیانت داری اور حقیقی نمائندگی ملے گی۔
ماہی گیر برادری نے نشاندہی کی کہ سابقہ ادوار میں ایسے افراد کو چیئرمین بنایا گیا جنہوں نے ذاتی مفادات کو ترجیح دی اور ماہی گیروں کے بنیادی مسائل کو نظر انداز کیا۔ اب وقت آ چکا ہے کہ ایک حقیقی نمائندے کو اس اہم عہدے پر تعینات کیا جائے تاکہ ماہی گیر برادری کو درپیش معاشی، سماجی اور روزگار کے مسائل کا حل نکل سکے۔
ماہی گیروں نے سندھ حکومت، محکمہ فشریز اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ماہی گیر برادری کی آواز کو سنیں اور عزیز داد جت کو فشرمین کوآپریٹو سوسائٹی کا چیئرمین مقرر کر کے ایک مثبت اور بامقصد قدم اٹھائیں۔