گلشنِ اقبال ٹاؤن میں عیدالاضحیٰ صفائی آپریشن میں نمایاں کارکردگی پر سینیٹیشن اسٹاف کے اعزاز میں تقریبِ تقسیمِ اسناد و انعامات
پوری دنیا میں صفائی ستھرائی کا نظام بلدیاتی اداروں کے تحت چلتا ہے مگر ہمارے یہاں یہ کام آؤٹ سورس کردیا گیا، ڈاکٹر فواد
کراچی.…….گلشنِ اقبال ٹاؤن کے زیرِ اہتمام عیدالاضحیٰ 2026 کے صفائی آپریشن میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے سینیٹیشن اسٹاف کے اعزاز میں تقریبِ تقسیمِ اسناد و انعامات کا انعقاد کیا گیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گلشنِ اقبال ٹاؤن کے چیئرمین ڈاکٹر فواد احمد نے کہا کہ 2021 تک عیدالاضحیٰ کے بعد گلشنِ اقبال کے مختلف علاقوں، خصوصاً وسیم باغ میں، کئی روز تک آلائشیں پڑی رہتی تھیں اور صفائی کی صورتحال انتہائی تشویشناک تھی۔ تاہم گزشتہ چار برسوں کے دوران سندھ سالڈ ویسٹ منیجمنٹ بورڈ اور گلشنِ اقبال ٹاؤن کی مشترکہ کاوشوں کے نتیجے میں صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگرچہ شہرِ کراچی میں عیدالاضحیٰ صفائی آپریشن کی مجموعی صورتحال پر مختلف آرا سامنے آئی ہیں، تاہم گلشنِ اقبال ٹاؤن کے عوام نے اس سال صفائی کے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا اور ٹاؤن انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ کامیابی منتخب نمائندوں، ٹاؤن کے سینیٹیشن عملے، شکایات کے ازالے کے لیے متحرک ٹیموں اور سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے مؤثر اشتراکِ عمل کا نتیجہ ہے۔

ڈاکٹر فواد احمد نے مزید کہا کہ صفائی ستھرائی بنیادی طور پر بلدیاتی اداروں کی ذمہ داری ہے اور اس حوالے سے ہمارا مؤقف ہمیشہ واضح رہا اور ہم نے اس نظام کو بلدیاتی اداروں کے ماتحت کرنے کیلئے عدالتوں کا راستہ بھی اپنایا ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ نظام میں درپیش چیلنجز کے باوجود گلشنِ اقبال ٹاؤن عوامی توقعات پر پورا اترنے کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لا رہا ہے۔
اس موقع پر گلشنِ اقبال ٹاؤن کے وائس چیئرمین ابراہیم صدیقی نے کہا کہ 2023 میں اس نظام کے آغاز کے بعد سے مسلسل بہتری کے لیے کام کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے عیدالاضحیٰ 2026 کے صفائی آپریشن کو گزشتہ برسوں کے مقابلے میں زیادہ مؤثر قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کامیابی میں ٹاؤن چیئرمین، منتخب نمائندوں، سینیٹیشن عملے اور سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کی ٹیم کی مشترکہ محنت شامل ہے۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ صفائی اور سینیٹیشن کے معیار کو پورا سال برقرار رکھنے کے لیے اسی جذبے سے کام جاری رکھا جائے گا۔تقریب کے اختتام پر چیئرمین ڈاکٹر فواد احمد نے سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے نمائندگان کو اجرک اور سندھ کی روایتی ٹوپی پیش کرکے ان کی خدمات کو سراہا۔
اس موقع پر اپوزیشن لیڈر گلشنِ اقبال ٹاؤن اسلم کلمتی، یو سی چیئرمین ماجد خان، یو سی وائس چیئرمین آصف عبدالکریم، انچارج میونسپل سروسز راؤ شمشاد اور سندھ سالڈ ویسٹ مینیجمنٹ بورڈ کے نمائندگان سمیت دیگر معزز شخصیات نے شرکت کی