ٹاؤن میونسپل کارپوریشن لیاقت آباد کی جانب سے عوام کے لیے مثالی اقدام کے طور پر وومن اسکل ڈیویلپمنٹ سینٹر کا افتتاح
وومن اسکل ڈیویلپمنٹ سینٹر کا باقائدہ افتتاح امیرجماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے ناظمہ جماعت اسلامی کراچی جاویداں فہیم کے ہمراہ کیا
کراچی کے مسائل اپنی جگہ، لیکن عوام کو بااختیار بنانے کے لیے اس نوعیت کے منصوبے انتہائی ضروری ہیں:منعم ظفر خان
خواتین کو بااختیار بنائے بغیر ترقی کا خواب ادھورا ہے، اور یہ وومن اسکل ڈیویلپمنٹ سینٹر اسی سلسلے کی ایک مضبوط کڑی ہے جاوید اں فہیم
کراچی ……… ٹاؤن میونسپل کارپوریشن لیاقت آباد کی جانب سے عوام کے لیے مثالی اقدام کے طور پر وومن اسکل ڈیویلپمنٹ سینٹر کا باقائدہ افتتاح امیرجماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے اپنے دست مبارک سے کیا۔اس موقع پر ناظمہ جماعت اسلامی کراچی جاویداں فہیم،امیر جماعت اسلامی ضلع گلبرگ وسطی کامران سراج،ناظمہ جماعت اسلامی ضلع گلبرگ وسطی طلعت ندیم،چیئر مین لیاقت آباد ٹاؤن فراز حسیب،وائس چیئر مین اسحاق تیموری، کورڈینیٹر صغیر احمد انصاری،یو سی چیئرمینز،وائس چیئرمینز، متعلقہ بلدیاتی افسران وخواتین کی بڑی تعداد موجود تھی۔افتتاح کا آغا ز ربن کاٹ کے ہواتقریب سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے اس اقدام کو عوامی خدمت کی بہترین مثال قرار دیتے ہوئے کہا کہ وومن اسکل ڈیویلپمنٹ سینٹر کا قیام موجودہ حالات میں نہایت خوش آئند ہے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کے مسائل اپنی جگہ، لیکن عوام کو بااختیار بنانے کے لیے اس نوعیت کے منصوبے انتہائی ضروری ہیں۔ انہوں نے چیئرمین فراز حسیب اور ان کی ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ خواتین کو ہنر مند بنانا دراصل پورے معاشرے کو مضبوط بنانے کے مترادف ہے۔ یہاں فراہم کیے جانے والے کورسز جیسے کمپیوٹر، سلائی، کڑھائی، کوکنگ اور دیگر فنی تربیت خواتین کو خود کفیل بنانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔ناظمہ کراچی جاوید اں فہیم نے اپنے خطاب میں کہا کہ جماعت اسلامی ہمیشہ سے عوامی خدمت اور فلاحی کاموں میں پیش پیش رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسکل ڈیویلپمنٹ سینٹرز کا قیام وقت کی اہم ضرورت ہے، کیونکہ ہنر مند خواتین ہی معاشی طور پر مضبوط معاشرہ تشکیل دیتی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ خواتین کو بااختیار بنائے بغیر ترقی کا خواب ادھورا ہے، اور یہ سینٹر اسی سلسلے کی ایک مضبوط کڑی ہے
۔ناظمہ کراچی جاویداں فہیم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ شہر بھر میں ایسے مزید منصوبے متعارف کروائے جائیں گے۔امیر جماعت اسلامی ضلع گلبرگ وسطی کامران سراج نے کہا کہ اس منصوبے کا آغاز مقامی سطح پر عوامی مطالبے پر کیا گیا اور الحمدللہ آج یہ حقیقت بن چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کی قیادت عملی اقدامات پر یقین رکھتی ہے اور شہر کے مختلف علاقوں میں تعلیمی، فلاحی اور ترقیاتی منصوبے جاری ہیں۔ناظمہ جماعت اسلامی ضلع گلبرگ وسطی طلعت ندیم نے اس اقدام کو سراہا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ عوامی خدمت کا یہ سفر جاری رکھا جائے گا۔چیئرمین فراز حسیب نے کہا کہ یہ وومن اسکل ڈیویلپمنٹ سینٹر ایک ایسی جگہ پر قائم کیا گیا ہے جو پہلے ناجائز قبضے میں تھی،

جسے واگزار کرا کے عوام کے لیے وقف کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ یہاں خواتین کے لیے فری آف کاسٹ مختلف کورسز کا آغاز کیا گیا ہے، جن میں سلائی، کڑھائی، کوکنگ، کمپیوٹر اور دیگر ہنر شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد صرف وعدے کرنا نہیں بلکہ انہیں عملی جامہ پہنانا ہے، اور آج کا یہ منصوبہ اسی کا ثبوت ہے۔