شہر تباہی کی تصویراور ڈرامہ بازی

بلدیہ عظمیٰ کراچی میں جاری حالیہ کشیدگی اور مبینہ لڑائی محض “نورا کشتی” ہے، ترجمان ایم کیو ایم پاکستان
نام نہاد لڑائی دراصل عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی ایک ناکام کوشش

کراچی۔۔۔ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے ترجمان نے کہا ہے کہ بلدیہ عظمی کراچی میں جعلی مینڈیٹ کی حامل پیپلزپارٹی، جماعت اسلامی و دیگر جماعتیں گزشتہ تین سال سے زائد عرصے سے بلدیاتی حکومتوں کے مزے لوٹ رہی ہیں، لیکن اب اپنے اقتدار کے آخری لمحات میں اپنی نااہلی، بدانتظامی اور کرپشن کو چھپانے کے لیے ڈرامہ بازی میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی، جو کبھی روشنیوں کا شہر کہلاتا تھا، آج تباہی کی تصویر بنا ہوا ہے۔ سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں،

نکاسی آب کا نظام مفلوج ہے، کچرے کے ڈھیر ہر طرف موجود ہیں اور شہری بنیادی سہولیات سے محروم ہو چکے ہیں۔ ترجمان ایم کیو ایم پاکستان نے مزید کہا کہ عوام اب اس فرسودہ اور ناکام نظام سے تنگ آ چکے ہیں اور ان جماعتوں کی حقیقت کو بخوبی سمجھتے ہیں۔ یہ نام نہاد لڑائی دراصل عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی ایک ناکام کوشش ہے تاکہ اپنی ناقص کارکردگی سے توجہ ہٹائی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے شہریوں کے مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ اور عملی اقدامات کیے جانے کی ضرورت ہے، جس میں یہ جماعتیں مکمل ناکام ہیں۔ آئندہ بلدیاتی انتخابات میں شہر کے عوام ان جماعتوں کا بائیکاٹ کرکے انہیں مسترد کریں گے

اپنا تبصرہ لکھیں