اساتذہ کیلئےتربیتی سیشن کا انعقاد

جناح ٹاؤن میں اساتذہ کی تربیت کا اہم اقدام، اختتامی تقریب میں اسناد کی تقسیم

چیئرمین رضوان عبدالسمیع کی شرکت، “پڑھا لکھا پاکستان” وژن کے تحت تعلیمی بہتری کے عزم کا اعادہ

سی ای آر ڈی کے تربیتی سیشن نے اساتذہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں مزید بہتری کی راہ ہموار کر دی

کراچی ۔۔۔۔ جناح ٹاؤن میں تعلیمی معیار کی بہتری کے سلسلے میں سی ای آر ڈی (گرین کریسنٹ ٹرسٹ) کے زیر اہتمام اساتذہ کے لیے منعقدہ تربیتی سیشن کے اختتام پر آج اسناد تقسیم کرنے کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں ٹاؤن چیئرمین رضوان عبدالسمیع بطور مہمانِ خصوصی شریک ہوئے۔ انہوں نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معیاری تعلیم کے فروغ کے لیے اساتذہ کی مسلسل پیشہ ورانہ ترقی انتہائی اہمیت کی حامل ہے،

اور جماعتِ اسلامی کے وژن “پڑھا لکھا پاکستان” کو عملی جامہ پہنانے کے لیے ایسے اقدامات قابلِ تحسین ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اساتذہ کو جدید تدریسی طریقوں، بچوں کی نفسیات اور تعلیمی بہتری کے مختلف پہلوؤں سے روشناس کروانا ایک مثبت پیش رفت ہے،

جس سے سرکاری اسکولوں کے معیار کو مزید بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔ تقریب میں سی ای آر ڈی کے سی ای او زاہد سعید نے بھی شرکت کی اور ادارے کی جانب سے تعلیمی میدان میں جاری کاوشوں پر روشنی ڈالتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ اساتذہ کی استعداد کار میں مزید بہتری کے لیے ایسے تربیتی پروگرامز کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔

اس موقع پر محکمہ ایجوکیشن کمیٹی کے چیئرمین سید حسن رضا اور جماعتِ اسلامی کے ضلعی امیر عبدالعزیز سمیت دیگر معزز شخصیات بھی موجود تھیں۔ مقررین نے اس امر پر زور دیا کہ اساتذہ کی مسلسل تربیت کے ذریعے نہ صرف تعلیمی نظام کو مضبوط بنایا جا سکتا ہے بلکہ نئی نسل کو بہتر مستقبل کی راہ پر گامزن کرنے میں بھی مدد ملے گی۔

اپنا تبصرہ لکھیں